پی ٹی آئی حکومت نے ملک بھر میں ہندو مندر کھولنے کا فیصلہ کر لیا

  • November 13, 2019, 3:40 pm
  • National News
  • 89 Views

اسلام آباد (ویب ڈیسک) : ایک طرف بھارت ہے جس نے اپنے ملک میں بسنے والے مسلمانوں اور غیر مذہب افراد پر زمین تنگ کر دی ہے اور ایک طرف پاکستان ہے جو اقلیتی جماعتوں کے مذہبی حقوق کا خیال رکھتے ہوئے ان کی عبادت گاہوں کو کھولنے میں مصروف ہے۔ کرتارپور راہداری کھولنے کے بعد اب پاکستان نے ملک بھر میں ہندو مندر کھولنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ہندو مندر کھولنے کا فیصلہ ہندو آبادی کی دیرینہ خواہش پر کیا گیا ہے جس کی تعریف کی جا رہی ہے۔ مرکزی سیکرٹری اطلاعات احمد جواد نے اہم حکومتی اقدامات کا خلاصہ جاری کیا جس میں یہ بتایا گیا کہ ہندو آبادی کے دیرینہ مطالبے پر ان کی عبادت گاہوں کو از سر نو کھولا جائے گا۔ احمد جواد کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیہ میں پاکستان تحریک انصاف کے اب تک کے 10 بہترین اقدامات کے بارے میں بتایا گیا ہے، جس میں پاکستان کی قومی ایئرلائین (پی آئی اے) کا ماہانہ خسارہ 3 ارب سے کم ہوکر ڈیڑھ ارب رہ جانا بھی شامل ہے۔
اس کے علاوہ آلٹرنیٹ انرجی ڈویلپمنٹ بورڈ (اے ای ڈی بی) کی جانب سے 550 میگاواٹ صلاحیت کے حامل ہوا سے بجلی پیدا کرنے والے 11 منصوبوں کی تعمیر کے لیے معاہدوں کا بھی اعلامیہ میں ذکر کیا گیا۔ حکومت کے دس بہترین اقدامات میں نئے کاروباروں کے آغاز، کاٹیج انڈسٹری اور چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کی افزائش میں معاونت کے لیے پنجاب حکومت کا قرضے کی اسکیم شروع کرنے کا فیصلہ بھی شامل ہے۔ احمد جواد نے کہا کہ مصنوعی مہنگائی پر قابو پانے اور قیمتوں کو قابو میں رکھنے کے لیے وفاقی حکومت کا اشیائے ضروریہ کی طلب و رسد کے حوالے سے مربوط حکمت عملی وضع کرنے کے لیے اسپیشل سیل کی تشکیل کا فیصلہ بھی کر لیا گیا ہے۔