چلغوزہ پاکستانیوں کی پہنچ سے دور ہونے کی انتہائی حیران کن وجہ سامنے آگئی

  • November 13, 2019, 3:44 pm
  • Business News
  • 180 Views

سوات (ویب ڈیسک) پاکستان میں سردیوں کی سوغات کے بادشاہ سمجھے جانیوالے چلغوزے کی قیمتوں میں ہوشربااضافے کی بالآخر وجہ سامنے آگئی اور نجی ٹی وی چینل نے انکشاف کیا قیمتوں میں اضافے کی بنیادی وجہ برآمدات ہیں۔

سما ٹی وی کے مطابق چلغوزے کی قیمت میں اس قدر اضافہ ہوچکا ہے کہ اب صرف اس کی خریداری کے بارے میں سوچا ہی جاسکتاہے ، اس کی قیمتوں میں اضافے کی دو بنیادی وجوہات ہیں، ایک پاکستان سے بیرون ملک برآمدات اور دوسرا افغانستان میں ٹیکس لگائے جانے کی وجہ سے درآمد میں کمی اور پہلے کی نسبت مہنگے داموں درآمد ہے ۔ رپورٹ کے مطابق سات پہلے فی کلوگرام چلغوزے کی قیمت محض 1200 روپے تھی ، پھر خلیجی ممالک کو اس کی برآمد شروع ہوئی تو پاکستان میں قیمتیں بتدریج بڑھتی چلی گئیں۔

اس کے بعد تین سال قبل چین کے لیے بھی چلغوزے کی ایکسپورٹ شروع ہوگئی ، چین میں چلغوزہ بیوٹی کاسمیٹکس اور ادویات میں بھی استعمال ہورہاہے ، اس کیساتھ ساتھ چینی شہریوں کی بھی چلغوزہ پسند بن چکا ہے جس کے بعد چلغوزے کی مانگ بڑھنے سے قیمتیں بڑھ گئیں۔ اس وقت چلغوزے کی 80 فیصد پیداوار چین جارہی ہے ، افغانستان سے پاکستان پہنچنے والا چلغوزہ بھی مختلف ڈیوٹیز اور ٹیکسوں کی زد میں آگیا اور خدشہ ہے کہ پاکستان نے اگر افغانستان کےساتھ باہمی تجارت کو فروغ نہ دیا تو ملک میں چلغوزے کا دکھائی دینا بھی مشکل ہوسکتا ہے ۔

یادرہے کہ حکومتی دعووں کے برعکس ٹماٹر کی قیمتیں بھی آسمان کو چھورہی ہیں، اور معلوم ہوا تھا کہ ٹماٹر کی قیمت میں اضافے کی وجوہات میں ایک بڑی وجہ مولانا فضل الرحمان کے دھرنے کے لیے حکومت کی طرف سے کنٹینرز کی پکڑ دھکڑ ہے جس کی وجہ سے منڈیوں میں ٹماٹر کی کمی پیدا ہوگئی اور طلب وہیں رہنے کی وجہ سے قیمت میں اضافہ ہوتا چلا گیا۔