مولانا اہم اعلان کرنے آ رہے ہیں، مولانا عطا الرحمٰن

  • November 13, 2019, 3:46 pm
  • National News
  • 90 Views

جمعیت علمائے اسلام ف کے رہنما مولاناعطا الرحمٰن نے اسلام آباد میں موجود آزادی مارچ کے تمام کارکنوں کو فوری طور پر پنڈال میں جمع ہونے کی تاکید کر دی۔

مولانا عطا الرحمٰن کا کہنا ہے کہ کے یو آئی ف کے سربراہ اور آزادی مارچ کے روحِ رواں مولانا فضل الرحمٰن جلد اہم اعلان کرنے آ رہے ہیں، اس لیے کارکنان تمام کام چھوڑ کر پنڈال میں آ جائیں۔

جمعیت علمائے اسلام ف کا آزادی مارچ مولانا فضل الرحمٰن کی قیادت میں اسلام آباد میں موجود ہے تاہم قائد جے یو آئی ف کے حکم کے مطابق اب آزادی مارچ احتجاج کے پلان بی پر بلوچستان میں عملدرآمد شروع کر دیا گیا ہے۔

پلان بی کے تحت جمعیت علمائے اسلام ف کے کارکنوں کی جانب سے کوئٹہ چمن شاہراہ پر دھرنا جاری ہے، کارکنوں نے رکاوٹیں کھڑی کر کے کوئٹہ چمن شاہراہ ٹریفک کی آمدورفت کے لیے بند کر دی ہے۔

جمعیت علمائے اسلام ف کے کارکنوں کی جانب سے آزادی مارچ کے پلان بی کے تحت دیے جانے والے دھرنے میں پشتون خوا میپ کے کارکن بھی شریک ہیں۔

چمن کوئٹہ شاہراہ کو کھولنے کے لیے انتظامیہ اور مظاہرین کے درمیان مذاکرات بھی ہوئے جو ناکام ہو گئے۔

پشین اور قلعہ عبداللّٰہ کے اسسٹنٹ کمشنر نے چمن مظاہرین کے ساتھ یہ مذاکرات کیے، جن کی ناکامی کے بعد شاہراہ پر ٹریفک کی آمد و رفت بدستور بند ہے۔

مظاہرین کا کہنا ہے کہ چمن ہڑتال مولانا فضل الرحمٰن کے حکم پر ختم کی جائے گی۔

کوئٹہ چمن شاہراہ کی بندش کے باعث پاک افغان ٹرانزٹ ٹریڈ اور نیٹو سپلائی بھی معطل ہوگئی ہے جبکہ سینکڑوں مسافر گاڑیاں پھنسنے سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

لیویز فورس کی بھاری نفری علاقے میں پہنچ گئی ہے جو صورت حال کو کنٹرول کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

صوبائی امیرجے یو آئی ف مولانا عبدالواسع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ بلوچستان میں آزادی مارچ احتجاج کے پلان بی پر عملدرآمد شروع کیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا ہے کہ پلان بی کے تحت جمعیت علمائے اسلام ف کے کارکنوں کی جانب سے کوئٹہ چمن شاہراہ پر دھرنا جاری ہے۔

جے یو آئی ف کے صوبائی امیر مولانا عبدالواسع کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس دھرنے کے باعث کوئٹہ تا چمن شاہراہ سید حمید کراس پر ٹریفک کے لیے بند ہے۔

ادھر جیکب آباد میں جے یو آئی ف کے مقامی کارکن زیرو پوائنٹ پر احتجاجی دھرنا دیئے ہوئے ہیں جبکہ وہاں سندھ بلوچستان روٹ پر دھرنا دینے کے لیے لاڑکانہ سے قافلہ روانہ ہو گیا ہے جس کی قیادت مولانا ناصر خالد محمود سومرو کر رہے ہیں۔