مولانا فضل الرحمان کا دھرنا ختم اور پلان بی کے تحت ملک بھر میں پھیلنے اور سڑکوں کی بندش کا امکان ، اعلان آج متوقع

  • November 13, 2019, 4:52 pm
  • Breaking News
  • 134 Views

اسلا م آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)حکومت مخالف آزادی مارچ اور اسلام آبادمیں دیئے گئے دھرنے کو ختم ہونے کاامکان ہے۔

نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق اسلام آبادمیں مولانا فضل الرحمان کی زیرصدارت ایک اہم اجلاس ہوا ہے جس میں ممکنہ طورپر یہ فیصلہ کیاگیا ہے کہ اسلام آباد سے دھرنا ختم کرکے اس تحریک کو شہر شہر پھیلا دیاجائے گا۔

جیو نیوز کاذرائع کا حوالے سے کہنا ہے کہ پشاور موڑ پر جاری دھرنے کے خاتمے کااعلان تھوڑی دیر میں فضل الرحمان خودکریں گے۔

جیو نیوز کے اینکر شہزاد اقبال نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دھرنے کے خاتمے سے شاید فضل الرحمان کو وزیراعظم کے استعفیٰ ملنے کی تمام امیدیں ختم ہوجائیں گی۔

سینئر صحافی مظہرعباس کا کہنا ہے کہ دھرنے کے خاتمے کا اعلان دراصل مولانا کے دفاعی پوزیشن پرجانے کا اعلان ہوگا۔انہوں نے کہا فضل الرحمان کا جو پلان بی ہے اسے دراصل پلان اے ہونا چاہئے تھا۔

انہوں نے کہا مولانا فضل الرحمان ایک بار پھر وہی عمل دہرانے جارہے ہیں جو اس سے قبل ڈاکٹر طاہر القادری کرچکے ہیں۔مظہر عباس بھی اس بات پر متفق دکھائی دیئے کہ فضل الرحمان کے مطالبات پورے ہونے کے امکانات کم ہوگئے ہیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ واپسی دراصل مولانا کے سیاسی سفر کی واپسی ہے۔

دوسری جانب چمن میں جے یو آئی ف کی جانب سے پلان بی پر باقاعدہ عمل کرتے ہوئے مختلف سڑکوں کو بند کردیا گیاہے۔ جے یو آئی ف کاکہنا ہے کہ حکومت کیلئے پلان بی پلان اے سے زیادہ مشکل ثابت ہوگا