’شہباز شریف 7 ارب روپے کا شورٹی بانڈ جمع کرائیں ‘ کابینہ کی ذیلی کمیٹی نے نواز شریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی

  • November 13, 2019, 5:52 pm
  • Breaking News
  • 110 Views

اسلام آباد (ویب ڈیسک) وفاقی حکومت نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو مشروط طور پر 4 ہفتوں کیلئے بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی۔

وفاقی کابینہ کی ذیلی کمیٹی کے اہم ترین اجلاس کے بعد وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم اور معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر قانون فروغ نسیم نے بتایا کہ نواز شریف کو 4 ہفتوں کیلئے ایک بار باہر جانے کی اجازت دے دی ہے۔

شہباز شریف نے وزارت داخلہ میں نواز شریف کی بیرون ملک روانگی کے حوالے سے درخواست دی تھی جس کے ساتھ انہوں نے شریف میڈیکل سٹی کی رپورٹس منسلک تھیں۔ نواز شریف کی تشویشناک صحت کو دیکھتے ہوئے انہیں 4 ہفتوں کیلئے ایک بار بیرون ملک جانے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، شہباز شریف سکیورٹی بانڈ دیتے ہیں تو نواز شریف بیرون ملک جاسکتے ہیں۔نواز شریف یا شہباز شریف 7 ارب روپے کا بانڈ جمع کرائیں جس کے بعد نواز شریف علاج کیلئے باہر جاسکتے ہیں۔

انہوں نے واضح کیا ہے کہ ضمانت کے بانڈ مانگنے کی حکومت کے پاس طاقت نہیں ہے اور نہ ہی حکومت یہ مانگ رہی ہے۔ ضمانت کی طاقت عدالت کے پاس ہے، ہم ضمانت کے نہیں بلکہ گارنٹی کے بانڈ مانگ رہے ہیں۔