بلوچستان، بلدیاتی الیکشن کرانے کیلئے ہائیکورٹ میں درخواست

  • November 13, 2019, 9:07 pm
  • Breaking News
  • 154 Views

بلوچستان کے بلدیاتی انتخابات میں تاخیر کو بلوچستان ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا گیا۔

سید نذیرآغا ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر آئینی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ آئین کے آرٹیکلA 140/ کے تحت ہر صوبہ بلدیاتی انتخابات کا پابند ہے بلکہ آئین کا آرٹیکل 32 بھی ریاست میں لوکل گورنمنٹ کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔ اس وقت بلوچستان میں لوکل باڈیز کا نہ ہونا بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ موجودہ وزیراعظم نے منتخب ہونے سے قبل عوام سے وعدہ کیا تھا کہ وہ اقتدار میں آنے کے بعد لوکل نظام کو بہتر کرنے سمیت بلدیاتی انتخابات کے بروقت انعقاد کو بھی ممکن بنائیں گے۔ لیکن ڈیڑھ سال گزر جانے کے باوجود بھی بلدیاتی انتخابات نہ ہوسکے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ اس سلسلے میں عدالت عظمیٰ نے بلوچستان ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے دائر آئینی درخواست پر بھی احکامات جاری کئے تھے جس میں کہا گیا تھا کہ سپریم کورٹ کے مشاہدے میں یہ بات آئی ہے کہ صوبوں کا خاص مسئلہ سوشیواکنامک نیچر کا ہے۔ آئین کے آرٹیکل 140/A اور آرٹیکل 32 کے تحت تمام صوبائی حکومتیں پابند ہیں کہ وہ بلدیاتی نظام کے ذریعے انتظامی اور مالی اختیارات لوکل گورنمنٹ کے منتخب نمائندوں کے سپرد کریں۔

درخواست کے مطابق لوکل باڈیز کا صوبے میں امن وامان اور دیگر امور کی بہتری میں بھی کلیدی کردار ہے۔ اس لئے عدالت عالیہ اس سلسلے میں متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کریں کہ وہ جلد از جلد لوکل باڈیز کے انتخابات کاانعقاد عمل میں لائیں۔