حکومت اور جے یو آئی ف میں ڈیڈ لاک ختم، فضل الرحمان سے رابطہ

  • November 14, 2019, 5:06 pm
  • National News
  • 94 Views

اسلام آباد: حکومت اور جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی ف) میں ڈیڈ لاک ختم ہو گیا ہے، چوہدری پرویز الہٰی نے مولانا فضل الرحمان سے رابطہ کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق چوہدری پرویز الہٰی نے فضل الرحمان کو فون کر کے ڈیڈ لاک ختم کر دیا ہے، دونوں رہنماؤں کے درمیان مذاکرات کا عمل آج ہی سے دوبارہ شروع کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

اہم ٹیلی فونک رابطے کے بعد ملاقات کی راہ بھی نکل آئی، چوہدری پرویز الہٰی آج مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کریں گے۔

ادھر مولانا کا پلان بی فیل ہو گیا ہے، احتجاج کی کال پر سکھر میں جے یو آئی کارکنان نے کان نہیں دھرا، جیکب آباد میں بھی چند کارکن ہی احتجاج کے لیے نکلے۔

خیبر پختون خوا میں پلان بی سے متعلق وزیر اعلیٰ کے پی کی زیر صدارت اجلاس میں امن وامان کی صورت حال برقرار رکھنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات پر اتفاق کیا گیا، شوکت یوسفزئی نے کہا کہ قانون ہاتھ میں لیا گیا تو سختی سے نمٹا جائے گا، اسلام آباد میں بھی سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات کر لیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ جے یو آئی ف نے آج سے اپنے پلان بی پر عمل درآمد شروع کر دیا ہے، جس کے تحت ملک کے مختلف شہروں میں بڑی شاہراہیں بلاک کی جا رہی ہیں، جس کے باعث ساری تکلیف عام شہریوں کو ہو رہی ہے، شہری گھنٹوں تک شاہراہوں پر پھنسے رہنے پر مجبور کر دیے گئے ہیں۔