پاکستان کے خلاف جھوٹی خبریں پھیلانے والا بھارتی نیٹ ورک بے نقاب

  • November 14, 2019, 5:07 pm
  • Science & Technology News
  • 108 Views

اسلام آباد : پاکستان کے خلاف کام کرنے اورجھوٹی خبریں پھیلانے والا بھارتی نیٹ ورک بے نقاب ہوگیا، یورپ کی این جی او کا رپورٹ میں کہنا ہے کہ بھارتی نیٹ ورک نے پاکستان مخالف پروپیگنڈے کے لئے 265 جعلی میڈیا آؤٹ لیٹس بنائے۔

تفصیلات کے مطابق یورپی این جی او نے پاکستان کیخلاف کام کرنے والےبھارتی نیٹ ورک کا بھانڈاپھوڑدیا، این جی کی رپورٹ میں بتایا گیا جعلی میڈیا آؤٹ لیٹس بنانے کا مقصد پاکستان کے خلاف یورپی یونین،اقوام متحدہ سمیت دیگرعالمی اداروں اورتنظیموں کوگمراہ کرنا اوران اداروں پراثراندازہونا تھا، جعلی ویب سائٹس پاکستان مخالف موادپھیلارہی تھیں۔

رپورٹ کے مطابق یورپ کے جعلی میگزین نے یورپی پارلیمنٹ سے منسلک ہونے کا جھوٹا دعوی کرتے ہوئے پاکستان کیخلاف مواد شائع کیا، جعلی میڈیا آؤٹ لیٹس نے پاکستان مخالف مواددنیا کے نمایاں تھنک ٹینکس،این جی اوزاورکمپنیوں تک پھیلایا جبکہ ایک جعلی میڈیا آؤٹ لیٹ کا پتا دہلی میں ایک بزنس کمپنی کا نکلا۔

تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ ویب سائٹ نے بہت بڑی تعداد میں ایسے آرٹیکل یا آرا پرمبنی مضامین شائع کیے، جو پاکستان میں اقلیتوں سے متعلق تھے اور اس بات سے بھی پردہ اٹھایا گیا کہ یہ نیوز آؤٹ لیٹ بھارتی اسٹیک ہولڈرز چلا رہے ہیں، جن کے تعلقات تھنک ٹینکس، غیر سرکاری تنظیموں(این جی او) اور سری وستاوا گروپ سے تعلق رکھنے والی کمپنیوں کے ایک بڑے گروپ سے ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ان جعلی ویب سائٹس کے تجزیے سے یہ بات بھی سامنے آئی کہ زیادہ تر ویب سائٹس کے نام ایسے قدیم اخباروں کے نام پر رکھے گئے جو اب شائع نہیں ہوتے، ان جعلی خبروں کے مراکز کا مقصد مخصوص مواقعوں اور مظاہروں کی کوریج کر کے بین الاقوامی اداروں اور منتخب نمائندوں پر اثر انداز ہونا ہے۔