تھرپارکر اور سانگھڑ میں آسمانی بجلی نے تباہی مچا دی، 11 افراد جاں بحق

  • November 14, 2019, 5:08 pm
  • National News
  • 113 Views

تھرپارکر: صوبہ سندھ کے ضلع تھرپارکر اور سانگھڑ میں تیز بارش کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے 11 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق آج ضلع تھرپارکر اور سانگھڑ کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری شروع ہوئی ہے، تیز بارش کے دوران مختلف علاقوں میں آسمانی بجلی گرنے کے واقعات بھی رونما ہوئے۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق تھرپارکر کے مختلف مقامات پر آسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں 7 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں، جب کہ آسمانی بجلی کی زد میں آکر 10 افراد شدید زخمی ہو گئے، جنھیں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

ادھر ضلع سانگھڑ کی تحصیل کھپرو کے علاقے اچھڑو تھر میں بھی آسمانی بجلی گرنے کے دو مختلف واقعات میں 3 خواتین سمیت 4 افراد جاں بحق ہو گئے، جب کہ تین خواتین زخمی ہوئی ہیں، تاہم کھپرو پولیس نے دو خواتین کی موت کی تصدیق کی، پولیس کے مطابق آسمانی بجلی گرنے کا واقعہ گاؤں موکریا میں پیش آیا جہاں پر ایک ہی گھر کی 55 سالہ سنگھار اور 37 سالہ ماریت موقع پر جاں بحق ہوگئیں۔

دوسرا واقعہ گاؤں جھواڑ میں پیش آیا جہاں پر تیس سالہ سلیمت اور ان کا دس سالہ بیٹا جاں بحق ہوئے، زخمیوں کو عمر کوٹ کے اسپتال لے جایا گیا۔

واضح رہے کہ آج ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، اندرون سندھ بھی بارشیں شروع ہو گئی ہیں، کہیں کہیں ژالہ باری بھی ہو رہی ہے۔ اس دوران تھرپارکر میں آسمانی بجلی گرنے کے واقعات بھی رونما ہوئے۔

یاد رہے رواں سال جون میں گلگت بلتستان کے شہر اسکردو میں آسمانی بجلی گرنے سے 5 افراد جاں بحق جب کہ 7 سے زائد مکانات جل گئے تھے، یہ واقعہ اسکردو کے ضلع شگر کے نواحی گاؤں میں پیش آیا تھا جس میں جاں بحق ہونے والوں میں 3 بچے بھی شامل تھ