روزگار فراہم کرنا حکومت کا کام نہیں

  • November 14, 2019, 10:20 pm
  • National News
  • 127 Views

وزیر اعظم کے مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر حفیظ شیخ نے کہا ہے کہ لوگوں کو روزگار فراہم کرنا حکومت کا کام نہیں ہے بلکہ یہ کام اداروں کا ہے۔

اسلام آباد میں امن و ترقی کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مشیر خزانہ کا کہنا تھا کہ حکومت لاکھوں لوگوں کو روزگار فراہم نہیں کرسکتی۔


خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور موجودہ وزیراعظم عمران خان نے اپنے انتخابی منشور میں لاکھوں کی تعداد میں نوجوانوں کو نوکریاں فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا۔

ادھر مشیر خانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کہتے ہیں کہ روز گار فراہم کرنا حکومت کا کام نہیں ہے بلکہ ادارے لوگوں کو روزگار فراہم کرتے ہیں۔

حفیظ شیخ نے کہا ہے ان کی حکومت اپنے کوششوں سے روزگار کے لیے ماحول بہتر کرسکتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ نجکاری کا پروگرام دوبارہ شروع کیا جارہا ہے جن میں مائع قدرتی گیس (ایل این جی) پاور پلانٹس، کچھ بینکوں اور انشورنس کمپنیوں کی نجکاری کی جارہی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ترقیاتی فنڈز کے اجرا کا عمل بھی تیز کردیا گیا ہے۔

ڈاکٹر حفیظ شیخ نے کہا کہ عوام کی ترقی کے بغیر کوئی ملک ترقی نہیں کر سکتا، جن ممالک نے ترقی کی انہوں نے پہلے عوامی ترقی کو اولین ترجیح دی۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمسایہ ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات کے بغیر علاقائی ترقی ناممکن ہے، ہمیں علاقائی مسائل کا سامنا ہے اور علاقائی رابطے کمزور ہیں اور سرحدوں پر کسٹمز انفرا اسٹرکچر بھی ایک جیسا نہیں ہے۔

ڈاکٹر حفیظ شیخ نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں حالات بہتر کرنے جبکہ سعودی عرب اور ایران میں بھی ثالثی کی کوشش کر رہا ہے اور ساتھ ساتھ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے کہا کہ ہم خطے میں امن کے خواہاں ہیں۔

اس موقع پر تقریر کرتے ہوئے پاکستان میں چینی سفیر یاؤ جنگ کا کہنا تھا کہ پاکستان مشرق وسطیٰ اور وسطی ایشیائی ممالک کو جوڑنے کے لیے اہم ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ترقی کے لیے پاکستان کا کردار اہم ہے، جبکہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) علاقائی ترقی کا منصوبہ ہے