فیک نیوز: لاہوریونیورسٹی نے ’زیرتفتیش‘ شخص کوتعینات نہیں کیا

  • November 14, 2019, 10:30 pm
  • National News
  • 249 Views

کوئٹہ ( ہمارا کوئٹہ) گزشتہ دو دنوں سے سوشل میڈیا پر ایک ’خبر‘ چل رہی ہے جس میں کہا جارہا ہے کہ ہراسانی کے الزام کے بعد اسعفیٰ دینے والے بلوچستان یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر کو لاہور یونیورسٹی میں ڈین تعینات کیا گیا ہے۔

ہمارا کوئٹہ نے اس خبر کی تحقیقات کی تو معلوم ہوا کہ ’جھوٹی خبر‘ پھیلانے والوں نے ’نام سے دھوکہ‘ کھاکر مذکورہ خبر پھیلائی ہے۔

اس ٹوئٹ میں آپ دیکھ سکتے ہیں کہ ظہیر احمد بلوچ نامی ایک سوشل میڈیا صارف نے لکھا کہ ’اس شخص کو لاہور یونیورسٹی میں فارمیسی ڈیپارٹمنٹ کا ڈین تعینات کیا گیا ہے۔ امید ہے کہ ہمارے ساتھی اس وقت تک ان کو شرم دلاتے رہیں گے جب تک لاہور یونیورسٹی ان کو برطرف نہیں کرتی۔ تعلیمی اداروں میں بلیک میلرز اور بدسلوکی کرنے والوں کیلئے کوئی گنجائش نہیں ہونی چاہیے۔‘

یہ بات ذہن میں رہے کہ بلوچستان یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر کا نام ڈاکٹر جاوید اقبال ہے اور لاہور یونیورسٹی کے فارمیسی فیکلٹی کے موجودہ ڈین کا نام بھی ڈاکٹر جاوید اقبال ہی ہے۔ یہاں سے لوگوں کو کنفوژن ہوئی۔

لاہور یونیورسٹی کے شعبہ فارمیسی میں انتظامی عہدے پر تعینات ندیم اقبال نے سماء ڈیجیٹل کو بتایا کہ ڈاکٹر جاوید اقبال گزشتہ 10 سالوں سے شعبہ فارمیسی میں تعینات ہیں اور تین سال پہلے انہیں شعبے کا ڈین بنایا گیا۔

ندیم اقبال نے مزید بتایا کہ دو افراد کے ایک جیسے نام ہونے کی وجہ سے لوگوں کو کنفیوژن ہوئی ہے۔

بلوچستان یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر ڈاکٹر جاوید اقبال نے کچھ عرصہ قبل طلبہ کو ہراساں کرنے کا اسکینڈل سامنے آنے پر دباؤ کے نتیجے میں استعفیٰ دیا تھا۔