عمران خان کو ری پلیس کیا جائے گا اور اُن کی جگہ کسی اور کو لایا جائے گا

  • November 18, 2019, 12:26 pm
  • National News
  • 125 Views

اسلام آباد (ویب ڈیسک) : اپنی پیشن گوئیوں کے حوالے سے مشہور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما منظور وسان نے کہا کہ عمران خان کے لیے خطرے کی گھنٹی بج چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کا پلان بی بڑا خطرناک ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو ری پلیس کیا جائے گا اور اُن کی جگہ کسی اور کو لایا جائے گا ۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے دن تھوڑے رہ گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے نہ چاہتے ہوئے بھی میاں صاحب ملک سے باہر جار ہے ہیں۔ منظور وسان کا کہنا تھا کہ میں آج ایک مرتبہ پھر کہہ رہا ہوں کہ 2020ء میں عمران خان کو وزیراعظم نہیں دیکھ رہا ہوں۔ موجودہ حکومت کے لیے آنے والا سال کڑوا ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ آگے چل کر سیاستدانوں کو لڑوایا جائے گا لہٰذا عقلمندی سے کام لینے کی ضرورت ہے۔
امپائر آگے چل کر عمران خان کی سپورٹ کرنے والا نہیں ہے۔ واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان سے متعلق پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما منظور وسان پہلے بھی پیشن گوئی کر چکے ہیں کہ عمران خان کے دن گنے جا چکے ہیں اور عمران خان بہت جلد اپنے عہدے سے مستعفی ہو جائیں گے جبکہ پارٹی چئیرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی اپنے ایک بیان میں 2020ء کو الیکشن کا سال قرار دیا تھا اورکہا تھا کہ اگلے سال الیکشن ہوں گے اور حکومت کا خاتمہ ہو جائے گا۔
خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی سرکاری مصروفیات سے دو دن کی چھُٹی نے وزیراعظم عمران خان کے استعفے اور حکومت کے خاتمے کے حوالے سے ہونے والی قیاس آرائیوں کو مزید ہوا دی جس کے بعد سیاسی مبصرین بھی طرح طرح کے تبصرے کر رہے ہیں جبکہ حکومت کے اتحادیوں کے بیانات نے بھی کئی سوالات کھڑے کر دئے ہیں۔