اسد عمر دوبارہ وفاقی کابینہ میں شامل، خسرو بختیار کا قلمدان تبدیل

  • November 18, 2019, 9:22 pm
  • Breaking News
  • 133 Views

سابق وفاقی وزیر اسد عمر کو وزیر منصوبہ بندی اور اسپیشل انیشی ایٹو کا وزیر بنانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ میں توسیع اور رد و بدل کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس سلسلے میں اسد عمر کو منصوبہ بندی اور اسپیشل انیشی ایٹو کا وزیر بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ خسرو بختیار کو پیٹرولیم کا وفاقی وزیر بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس حوالے سے نوٹیفکیشن جلد جاری کردیا جائے گا۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ انہوں نے وفاقی کابینہ میں تبدیلی کا فیصلہ کرلیا ہے جس کا اعلان جلد کیا جائے گا۔

وفاقی کابینہ میں اس وقت 24 وزراء مختلف قلمدانوں پر ہیں جن میں سے عمر ایوب خان کے پاس پاور ڈویژن کے ساتھ ساتھ پیٹرولیم ڈویژن کا اضافی قلمدان ہے جو اب خسرو بختیار کو دیا جارہا ہے۔


خسرو بختیار کے پاس پلاننگ، ڈویلمپنٹ اور ریفارم کی وزارت تھی تاہم اب یہ وزارت اب اسد عمر کو سونپی جارہی ہے۔

اسد عمران تحریک انصاف کی حکومت قائم ہونے کے بعد بننے والی پہلی کابینہ میں وزیر خزانہ تھے تاہم عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ پیکج کے حوالے سے ہونے والے مذاکرات میں ڈیڈلاک کے باعث انہوں نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا جس کے بعد سے وزیر خزانہ کا قلمدان خالی ہے اور اس وقت عبدالحفیظ شیخ وزیر اعظم کے مشیر خزانہ کی حیثیت سے ذمہ داریاں نبھارہے ہیں۔