ملکی ترقی کے لیے وزیراعظم اور آرمی چیف کے رابطے ضروری ہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر

  • November 18, 2019, 9:41 pm
  • Breaking News
  • 137 Views

راولپنڈی: پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی کے لیے وزیراعظم اور آرمی چیف کے رابطے ضروری ہیں۔

اے آر وائی کے پروگرام آف دی ریکارڈ کے میزبان کاشف عباسی سے گفتگو کرتے ہوئے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ حکومت سے ریاستی امور پر کوئی دو رائے نہیں ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ترقی کیلئے ضروری ہے دونوں (وزیراعظم، آرمی چیف) رابطے میں رہیں، ملاقاتیں معمول کا حصہ ہیں مگر یہ علیحدہ بات ہے کہ ہر ملاقات رپورٹ نہیں ہوگی۔

میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ ’آئین ذمہ داری کے مطابق جمہوری حکومت کی حمایت کررہےہیں، وزیراعظم اور آرمی چیف دونوں رابطے میں ہیں، جب بھی ضرورت پیش آتی تو ملاقاتیں ہوجاتی ہیں‘۔ پاک فوج کے ترجمان کا کہنا تھا کہ حکومت اور فوج ایک پیج پرہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں وزیراعظم عمران خان اور چیف آف آرمی اسٹاف کی اہم ملاقات ہوئی تھی جس میں مختلف امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا تھا۔

یہ بھی یاد رہے کہ یکم نومبر کو ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے اے آر وائی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاک فوج ایک غیرجانبدارادارہ ہے، الیکشن میں ڈیوٹی کر کے آئینی ذمہ داری پوری کی، ہماری سپورٹ جمہوری اور منتخب حکومت کے ساتھ رہتی ہے۔