حکمران دن گننا شروع کردیں ہم اسلام آباد سے ایسے ہی واپس نہیں آئے، فضل الرحمان

  • November 19, 2019, 8:06 pm
  • Breaking News
  • 165 Views



بنوں: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ حکمران دن گننا شروع کردیں ہم اسلام آباد سے ایسے ہی واپس نہیں آئے۔

بنوں میں تقریب سے خطاب کے دوران مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ حکمرانوں کا کوئی نظریہ نہیں، ان کے پاس مخالفین کوگالیاں دینے کے علاوہ کچھ نہیں، ووٹ چوری کرکےحکومت کرنےکی اجازت نہیں دے سکتے، ہم پاکستان کی جمہوریت اورآئین کے تحفظ کے لیے نکلے ہیں، ان کی جڑیں کٹ چکیں اب اپنے دن گنتے جائیں،ہم اسلام آباد بلاوجہ نہیں گئےاورایسے ہی واپس نہیں آئے۔

سربراہ جے یو آئی کا کہنا تھا کہ ہم باوقار سیاست اور حکومت کرنا چاہتے ہیں لیکن ہم پر الزامات لگائے گئے،الزام لگایا کہ منی لانڈرنگ ہوئی ہے لیکن ایف بی آر نے کہا کہ پاکستان سے کوئی پیسہ غیر قانون طور پر نہیں گیا، تو پھر کیوں ڈرامے کئے گئے؟، چلو بھر پانی میں ڈوب مرو، سب کو چور کہنے والا آج کیا منہ دکھائے گا۔ انہوں نے اپنی بہن کو این آر او ضرور دیا، ان کی سلائی مشین کی کمائی 70 ارب ڈالر روپے ہے، ایسی کوئی مشین ہمیں بھی دلادو۔ عمران خان سے پی ٹی آئی کےاندر کے لوگ حساب مانگتےہیں، اتنا بڑا چور دوسروں کو چور کہہ رہا ہے۔
وزیر اعظم کی گزشتہ روز کی تقریر کے جواب میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ حکمران گالم گلوچ بریگیڈ تیار کرکے اسے سیاست سمجھتے ہیں، ہم کسی کے پیچھے چھپنے والے لوگ نہیں، ہم میدان میں کھڑے ہیں، آوَ میرے اور اپنے کردار کا مقابلہ کرو، میرے والد اور اپنے والد کے کردار کا مقابلہ کرو۔ میرے دادا اور اپنے دادا کے کردار کا مقابلہ کرو، ان باتوں سےحکومتیں نہیں چلتیں، ملک کو دوبارہ الیکشن کی طرف جانا ہوگا، قوم کو دوبارہ امانت واپس کرنی ہوگی۔