جے یوآئی ف نے پلان ’سی‘ کا اعلان کردیا

  • November 20, 2019, 11:27 am
  • Breaking News
  • 163 Views

اسلام آباد (ویب ڈیسک) جمیعتِ علماء اسلام ف نے پلان ’سی‘ کا اعلان کردیا ہے۔ پلان سی کے مطابق ملک بھر کےاضلاع میں جلسے اور احتجاجی ریلیوں کے انعقاد کیا جائے گا اور ہفتے میں 1یا 2جلسے کیے جائیں گے۔ رہبرکمیٹی کے کنونیئر اکرم درانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملک بھر میں احتجاجی دھرنے ختم کرکے سڑکیں کھولنےکااعلان کیا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ آج رات سے کارکن رہبرکمیٹی کی ہدایت پرسڑکیں کھول دیں، 4 نکات کا حصول ہمارانصب العین ہے، حکومت بوکھلاہٹ کا شکارہے، عمران خان گھرجائیں گے۔ انہون نے مزید کہا کہ سڑکیں اورشاہراہیں بند نہیں کی جائیں گی بلکہ ضلعی سطح پر جلسےہوں گے، رہبر کمیٹی کی تجویزہے کہ فوری اے پی سی بلائی جائے جبکہ رہبرکمیٹی نے حکومت پر دباؤ بڑھانے کی پالیسی کو درست قرار دیا ہے۔
اکرم درانی نے کہا کہ نوازشریف سے متعلق عدلیہ کے فیصلے پرعمران خان بوکھلا گئے ہیں اب سڑکیں بند نہیں ہوں گی تمام اضلاع کی سطح پرمشترکہ جلسے ہوں گے اور الیکشن کمیشن کےممبران کی مشترکہ نامزدگی کی جائےگی۔ یاد رہے کہ جمعیت علماء اسلام ف کی حکومت مخالفت احتجاجی تحریک کے تحت 31 اکتوبر کو ’آزادی مارچ‘ اسلام آباد میں داخل ہوا تھا اور 14 روز تک دھرنا دیا گیا تھا۔
جس کے بعد مولانا فضل الرحمان نے آزادی مارچ ختم کرتے ہوئے پلان بی کے تحت ملک بھر کی اہم شاہراؤں اور داخلی راستوں پر دھرنے دینے کا اعلان کیا تھا، سڑکوں کی بندش کے باعث مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا تھا۔ اب جمیعتِ علماء اسلام ف نے سڑکیں کھول کر پلان ’سی‘ کا اعلان کردیا ہے۔ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے تحریک انصاف کی حکومت کو خبردار کیا ہے کہ تمھاری جڑیں کٹ چکی اور دن گنے جا چکے ہیں، ہم اسلام آباد ایسے نہیں گئے تھے اور نہ ہی وہاں سے ایسے واپس آئے ہیں،ہمارے حکمران معیشت برباد کرنے کے ایجنڈے پر گامزن ہیں ، جب تک پاکستان کے وفادار زندہ ہیں تب تک پاکستان کو کوئی بھی نقصان نہیں پہنچا سکے گا، تم نے ہمارے اوپر الزام لگائے اور کچھ سامنے نہیں لا سکے ،چیلنج کرتا ہوں آؤ اپنے اور میرے کردار کا مقابلہ کرو، میرے والد اور دادا کا تم اپنے والد اور دادا سے مقابلہ کرو،ہم کسی ادارے کے پیچھے چھپنے والے نہیں ہیں۔