ملک کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے فوری طور پر شفاف انتخابات کرائے جائیں،محمود خان اچکزئی

  • November 25, 2019, 11:18 am
  • National News
  • 139 Views

کوئٹہ : پشتونخواملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ عام انتخابات میں بڑے پیمانے پر دھاندلی ہوئی ہے اگر ملک کے حالات کو صحیح ٹریک پر لانا ہے تو فوری طورپر شفاف انتخابات کرائے جائیں پاکستان اس وقت اقتصادی طورپر مشکل میں ہے۔


مہنگائی بے روزگاری انتہائی کو پہنچ گئی اگر عوام کے جائز مطالبات تسلیم نہیں کئے گئے تو ملک کا بہت نقصان ہوگا قوموں کو حقوق دینے ہونگے اور قوموں کو اپنے وسائل پر اختیار دینا ہوگا ان خیالات کا اظہار انہوں نے نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔


محمود خان اچکزئی نے کہا کہ ہم ملک میں آئین اور قانون کی حکمرانی چاہتے ہیں اب وقت آگیا ہے کہ تمام ادارے اپنی حدود میں رہ کر ایمانداری سے کام کریں تو ملک ترقی کر سکتا ہے پارلیمنٹ ملک کا بالادست ادارہ ہے اور تمام تر پالیسیاں پارلیمنٹ میں ہونی چاہئیں جب تک پارلیمنٹ کو بااختیار نہیں بنایا جاتا اس وقت تک ہم اپنی پالیسیوں کو بہتر نہیں کرسکتے ہم آئین کے دائرے میں رہ کر بات کرتے ہیں کہ حکمران کو چاہئے کہ وہ آئین اور قانون کی حکمرانی کو مدنظر رکھ کر فیصلے کریں غلط فیصلوں سے مزید مسائل پیدا ہونگے۔


محمودخان اچکزئی نے کہا کہ 2018ء کے انتخابات میں بہت بڑی دھاندلی ہوئی ہے اور آج حکومت کے اتحادی اس کا خود اعتراف کررہے ہیں کہ عام انتخابات میں دھاندلی ہوئی ہے اب بھی وقت ہے کہ اپنی ناکامیوں اور غلطیوں کو تسلیم کریں تو اس سے حالات خراب ہونے کے بجائے مزید بہتر ہو سکتے ہیں اگر ناکامیوں کو تسلیم نہیں کیا تو نیا طوفان آئے گا اور پھر کوئی بھی اس طوفان کو نہیں روک سکتا اس وقت ملک کے حالات گھمبیر ہوتے جارہے ہیں اور پاکستان اقتصادی طورپر مشکل میں ہے۔


اگر عوام حکمرانوں کے خلاف سڑکوں پر نکل پڑیں تو حالات مزید خراب ہو سکتے ہیں اس وقت مہنگائی بے روزگاری انتہاء پر پہنچ گئی غلط سیاست کی وجہ سے ملک تنہائی کا شکار ہے ہمسایہ ممالک کے ساتھ حالات ٹھیک نہیں۔


محمود خان اچکزئی نے کہا کہ جن کے ساتھ تعلقات بہتر ہونے چاہئے ان کے ساتھ نہیں کررہے اور جب تعلقات بہتر نہیں چاہئے ان کے ساتھ تعلقات بہتر کرنے کے لئے منت سماجت کررہے ہیں انہوں نے کہا کہ ہماری چادر اور پگڑی کا مذاق نہ بنایا جائے تو ہم سے خطرناک کوئی نہیں ہوگا انہوں نے کہا کہ قوموں حقوق اور ان کے وسائل پر انہیں اختیار دینا چاہئے۔