اب سچ بولنے والے شخص سے شادی کروں گی

  • November 25, 2019, 1:06 pm
  • Entertainment News
  • 191 Views

لندن (ویب ڈیسک) : وزیراعظم عمران خان کی دوسری سابقہ اہلیہ ریحام خان نے حال ہی میں نجی ٹی وی چینل کو دئے گئے ایک انٹرویو میں تیسری شادی سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ اب میں سچ بولنے والے شخص سے شادی کروں گی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان سے شادی کا تجربہ انتہائی غلط تھا ۔ ریحام خان نے کہا کہ مجھے خاتون اوّل نہ بننے پر کوئی افسوس نہیں ہے۔
عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان شادی کروانے میں پیش پیش تھیں پھر اچانک بتائے بغیر عمران خان نے نکاح کا فیصلہ کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ میں اس بات سے لاعلم تھی کہ میرا نکاح ساتویں محرم کو ہو رہا ہے ۔ کتاب لکھنے سے متعلق سوال کے جواب میں ریحام خان کا کہناتھا کہ میں نے زندگی پر کتاب لکھنے کا فیصلہ اس لیے کیا کیونکہ مجھے مسلسل قتل کی دھمکیاں مل رہی تھیں، ایسے میں اگر مجھے کچھ ہو جاتا تو دنیا حقیقت سے لاعلم رہتی لہٰذا میں نے کتاب لکھنے کا فیصلہ کیا ۔
ریحام خان نے کہا کہ میں کتاب میں لکھے ایک ایک لفظ پر قائم ہوں ۔ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز سے متعلق پوچھے گئے سوال پر انہوں نے مریم نواز کی تعریف کی اور کہا کہ مریم نواز دلیر سیاستدان ہیں، عورت کی حیثیت سے میں مریم نواز کو پسند کرتی ہوں ۔ ریحام خان نے دوران انٹرویو دعویٰ کیا کہ مجھے کچھ حلقوں نے 2017ء میں بتا دیا تھا کہ عمران خان کو اگلا وزیراعظم بنایا جا رہا ہے اور مجھے عمران خان پر تنقید کرنے سے بھی روکنے کی کوشش کی گئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ مجھے کئی مرتبہ سینیٹر بننے کی پیشکش کی گئی لیکن میں نے سینیٹر بننے سے انکار کر دیا تھا۔ کتاب سے متعلق ایک سوال کے جواب میں ریحام خان نے کہا کہ میری کتاب سب سے زیادہ بھارت میں فروخت ہوئی کیونکہ بھارت میں لوگ کتابیں پڑھنے کو زیادہ ترجیح دیتے ہیں ۔ اپنے انٹرویو میں انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی تعریف بھی کی اور کہا کہ مشرق وسطیٰ میں ناجائز طور پر جیلوں میں قید پاکستانیوں کی رہائی بہت اچھا اقدام تھا لیکن حکومت نے کشمیر کے معاملے پر کوئی آواز بلند نہیں کی۔