آج پھر کہتا ہوں گھبرانا نہیں ہے، وزیراعظم

  • December 5, 2019, 7:09 pm
  • National News
  • 117 Views

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ میری پوری توجہ معیشت کو مستحکم کرنے پر ہے، جب تک معیشت بہتر نہیں ہوگی سرمایہ کاری نہیں آئے گی، اللہ کا شکر ہے معیشت اب مستحکم ہورہی ہے، آج پھر کہتا ہوں گھبرانا نہیں ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ڈیجیٹل پاکستان وژن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی ادارے بھی کہہ رہے ہیں پاکستان کی معیشت مستحکم ہورہی ہے، گزشتہ حکومت نے روپے کی قدر مصنوعی طور پر برقرار رکھی تھی، ہماری پوری توجہ اب ڈیجیٹل پاکستان کی طرف ہوگی۔

وزیراعظم نے کہا کہ ڈیجیٹل پاکستان پروجیکٹ ہمارے نوجوانوں کے لیے مفید ہے، ڈیجیٹل پاکستان پروجیکٹ میں خواتین بھی شرکت کریں گی، ڈیجیٹل پاکستان کے ذریعے عالمی سطح پر جدت کی طرف جائیں گے، ای گورننس کی طرف جائیں گے جس سے عوام کو سہولت ملے گی۔

عمران خان نے کہا کہ ای گورننس سے نچلی سطح پر کرپشن کو ختم کیا جاسکے گا، ای گورننس سے لائنوں میں کھڑا نہیں ہونا ہوگا، ہم پوری کوشش کررہے ہیں لیکن ہمیں مزاحمت کا سامنا ہے، مزاحمت کے باوجود مسائل کو حل کرنے کی کوشش کررہے ہیں، گڈ گورننس کے لیے اقدامات پر مزاحمت کا سامنا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ سائبر سیکیورٹی کی طرف جائیں گے، پوری قوم سے کہا تھا گھبرانا نہیں ہے لیکن کچھ بڑے گھبرا گئے تھے آج پھر کہتا ہوں گھبرانا نہیں ہے، ہم بھی خامیوں سے سیکھنے کی کوشش کررہے ہیں، گورننس کے معاملات کو بہتر کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پہلے پیسے لے کر جنگیں لڑتے تھے آج پاکستان دنیا کو متحد کررہا ہے، عالمی سطح پر بھی پاکستان نے توجہ حاصل کرلی ہے۔