چینی موبائل کمپنی نے پی ٹی اے کو 37 ارب 16 کروڑ روپے فیس ادا کردی

  • December 6, 2019, 10:46 am
  • Business News
  • 252 Views

اسلام آباد: چین کی موبائل کمپنی نے لائسنس کی تجدید کے لیے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کو 37 ارب 16 کروڑ روپے فیس ادا کردی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پی ٹی اے کے ترجمان نے تصدیق کی کہ چائنا موبائل (سی ایم پاک) نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کولائسنس کی تجدید کی فیس کی مد میں 37 ارب 16 کروڑ روپے (238.6 ملین امریکی ڈالر کے برابر) ادا کردیے۔

پی ٹی اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ’لائسنس کی تجدید کے حوالے سے ملنے والی رقم فیڈرل کونسولیڈیٹیڈ فنڈ (ایف سی ایف) میں جمع کرادی گئی ہے‘۔

ترجمان پی ٹی اے کے مطابق موبائل فون کمپنیوں کی جانب سے لائسنس تجدید فیسوں کی مد میں حال ہی میں 107 ارب روپے سے زائد رقم ادا کی گئی جو سرکاری خزانے میں جمع کرائی گئی، مذکورہ رقم سے معیشت اور قومی خزانے کو معاونت فراہم ہو گی۔

یاد رہے کہ پاکستان میں کام کرنے والی موبائل کمپنیوں کو پی ٹی اے کی جانب سے لائسنس جاری کیا گیا ہے جس کی تجدید انہیں ہر سال فیس ادا کر کے کرانا ہوتی ہے۔