مسلم لیگ ن کے بندے توڑنے کاٹاسک جہانگیر ترین کو سونپ دیاگیا

  • December 9, 2019, 4:23 pm
  • National News
  • 154 Views

لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار،9دسمبر2019ء) سینئر تجزیہ کار مبشر لقمان نے کہا ہے کہ اپوزیشن وزیراعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد لانے جارہی ہے۔ تاہم حکومت بھی اس معاملے سے غافل نہیں ہے۔ مبشر لقمان نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے جہانگیر ترین کو ن لیگ کے بندے توڑنے کا ٹاسک سونپ دیا گیا ہے۔ سب جانتے ہیں جہانگیر ترین اپنے کام میں بہت ماہر ہیں۔
جہانگیر ترین ملنے والے ٹاسک کو جلدمکمل کریں گے۔ ان کاکہنا ہے کہ پاکستان وہ سرزمین ہے جہاں کسی بھی وقت کچھ بھی ہو سکتا ہے۔ مبشر لقمان نے کہا کہ شریف خاندان کا ساتھ دینے والے جیل میں ہیں باقی سب لندن پہنچ گئے ہیں، جو کہ مسلم لیگ ن سے بہت مایوس ہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم نے ناراض اتحادیوں کو منانے کا ٹاسک بھی جہانگیر ترین کو سونپا تھا ۔
جہانگیر ترین کی سربراہی میں حکومتی وفد نے ایم کیو ایم وفد سے ملاقات بھی کی تھی ۔ واضح رہےوزیراعظم نے اتحادی جماعتوں مسلم لیگ ق اور ایم کیو ایم کو مزید ایک، ایک وزارت دینے کا فیصلہ کیا تھا۔ چودھری پرویزالٰہی نے مزید کہا تھا کہ ملک کو سیاسی انتشار سے بچانے کیلئے دھرنے کے دوران مولانا فضل الرحمن سے رابطے کیے تھے جو درست ثابت ہوئے اور دھرنوں میں امن و امان برقرار رکھنے کا کریڈٹ وزیراعظم عمران خان اور وزیرداخلہ اعجاز شاہ کو جاتا ہے.جس میں جہانگیر ترین نے اہم کردار ادا کیا تھا ۔
اس سے قبل بھی تحریک انصاف کی حکومت کی تشکیل سے قبل جہانگیر ترین نے اہم کردار ادا کیا تھا ، اور بہت سے اتحادیوں کو حکو مت میں شامل کیا تھا۔ تاہم مبشر لقمان نے دعویٰ کیا ہے کہ ایک بار پھر حکومت نے جہانگیر ترین کو ن لیگ کے سیاسی رہنما توڑنے کا ٹاسک دیا ہے۔