فیاض الحسن چوہان پر حملہ کرنے والا (ن) لیگ کا کارکن نکلا

  • December 11, 2019, 10:55 pm
  • Breaking News
  • 313 Views

لاہور: صوبائی وزیراطلاعات فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ میرے بال نوچنے والا وکیل مسلم لیگ (ن) کا کارکن ہے۔

وزیرقانون پنجاب راجہ بشارت اور صوبائی وزیرصحت کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نےاسلام آباد سے مجھے فون کرکے وکلا اور ڈاکٹرز کا معاملہ حل کرنے کا کہا، جس پر پی آئی سی پہنچا تاہم وکلا نےمجھ پرحملہ کردیا۔

فیاض الحسن کا کہنا تھا کہ وکلا نےمجھے ماراپیٹا اور فائرنگ بھی کی جب کہ مجھے اغوا کرنے کی بھی کوشش کی گئی، میڈیا والوں نے مجھے وکلا کےچنگل سے بچایا، مجھ پر تشدد کرنے والے اور بال نوچنے والے وکیل کی نشاندہی کرلی گئی ہے، اسد نقوی نامی وکیل مسلم لیگ (ن) کا کارکن ہے، لیگی قیادت کے ساتھ اسد نقوی کی تصاویر دیکھی جاسکتی ہیں، بال نوچنے والے کی تصاویر پنجاب حکومت کی جانب سے جاری کر دی گئی ہیں۔

صوبائی وزیراطلاعات نے کہا کہ (ن) لیگ نے لاہور کے واقعے سے ماحول خراب کرنے کی کوشش کی، جنگ کے دوران دشمن بھی اسپتالوں پر حملہ نہیں کرتا لیکن مشتعل وکلا نے ناصرف ڈاکٹروں اور پولیس والوں کو جان سے مارنے کی کوشش کی بلکہ ان کی اشتعال انگیزی سے مریضوں کو بھی نقصان پہنچا، ملزم اور مجرم کو قرار واقعی سزا ملےگی۔