عدالت نے ابرار الحق کو بہ طور چیئرمین ہلال احمر بحال کر دیا

  • December 26, 2019, 3:07 pm
  • National News
  • 195 Views

اسلام آباد: عدالت نے ابرار الحق کو بہ طور چیئرمین ہلال احمر بحال کر دیا، اسلام آباد ہائی کورٹ نے ابرار الحق کی بہ طور چیئرمین ہلال احمر تعیناتی درست قرار دے دی۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ نے گلوکار ابرارالحق کی بہ طور چیئرمین ہلال احمر تعیناتی کیس کا فیصلہ سنا دیا، عدالت نے ان کی تعیناتی درست قرار دے دی اور تعیناتی کے خلاف حکم امتناع خارج کر دیا۔

درخواست پر فیصلہ چیف جسٹس ہائی کورٹ اطہر من اللہ نے سنایا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے ڈاکٹر سعید الہی کی درخواست مسترد کر دی۔ قبل ازیں، معروف گلوکار ابرارالحق کی بہ طور چیئرمین پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی تعیناتی کے کیس میں دلائل مکمل ہونے پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔


اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کیس کی سماعت کی، وفاق کی جانب سے ایڈیشنل اٹارنی جنرل طارق کھوکھر عدالت میں پیش ہوئے۔ جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس میں کہا کہ سوال صرف ایک ہے، کس رول کے تحت ابرارالحق کو تعینات کیا گیا، کیا یہ انتظامی امور ہیں جو وزیر اعظم نے چلانے ہیں، وفاقی حکومت کو اختیار نہیں، منیجنگ باڈی کے پاس اس کی اتھارٹی ہے۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل طارق کھوکھر نے عدالت کو بتایا کہ رولز میں ترمیم کیے گئے ہیں۔

یاد رہے کہ 15 نومبر کو ابرار الحق کو ہلال احمر کا چیئرمین مقرر کیا گیا تھا، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی منظوری کے بعد ابرار الحق کی تقرری کا باقاعدہ نوٹی فکیشن جاری کیا گیا۔ تاہم 18 نومبر کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے سماجی کارکن اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ابرارالحق کی بطور چیئرمین ہلال احمر کی تعیناتی کا حکم معطل کر دیا تھا۔