کوئٹہ شہر كے كئی علاقوں میں پینے کا پانی نایاب؛ عوام ٹینكر مافیا كے رحم و كرم پر

  • December 30, 2019, 12:27 pm
  • National News
  • 183 Views

کوئٹہ: گرمیاں تو گرمیاں شہر كے مختلف علاقوں میں اس منفی درجہ حرارت میں بھی گھروں میں پانی نہ آنا سوالیہ نشان بن گیا ہے جب کہ واسا بے بس ہو كر رہ گیا اور عوام ٹینكر مافیا كے رحم و كرم پر ہیں۔

عوامی حلقوں كے مطابق شہر كے مختلف علاقوں میں اس سرد موسم میں بھی پانی كا حصول ان كے لئے مشكل بن گیا ہے، گرمیوں میں بھی وہ ٹینكر مافیا كے رحم و كرم پر تھے اور اب بھی وہ پانی كے حصول كے لئے سارا دن پریشان رہتے ہیں كیوں كہ كوئی بھی اس جانب كوئی توجہ نہیں دے رہا جب بھی واسا حكام سے پوچھا جاتا ہے تو كہا جاتا ہے كہ فلاں علاقوں كے ٹیوب ویل كا كنكشن یا تو منقطع ہو چكا ہے یا ٹیوب ویل غیر فعال ہے جس كی وجہ سے پانی مہیا نہیں كیا جارہا۔

اب شہركے علاقوں نیوفقیر محمد روڈ، فاطمہ جناح روڈ، جان محمد روڈ، گوردت سنگھ روڈ اورقریبی گلیوں میں پانی كے لئے مكین سرد موسم میں بھی پریشان ہیں۔
عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ واسا آخر كب تک انہیں پانی تواتر كے ساتھ فراہم كرے گا نہ تو گرمیوں میں اور نہ ہی سردیوں میں انہیں پانی ملتا ہے، صارفین پانی كے بل بھی باقاعدگی سے ادا كرتے ہیں مگر پانی ہے كہ مل ہی نہیں رہا جس كی وجہ سے وہ ٹینكر مافیا كے رحم و كرم پر آجاتے ہیں جب کہ واسا حكام كو اس كا كوئی نہ كوئی حل نكالنا چاہئے۔