ملک کے بالائی علاقوں میں پارہ منفی 22 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا

  • December 30, 2019, 2:12 pm
  • Weather News
  • 239 Views

ملک کے بالائی علاقوں میں پارہ منفی 22 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا جس کے بعد سردی کا 20 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا جبکہ پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب کے میدانی علاقے بھی شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں .تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسکردو سمیت بالائی علاقوں میں سردی نے 20 سال کا ریکارڈ توڑ دیا اس سے قبل 1999 میں اسکردو میں درجہ حرارت منفی 21 ریکارڈ کیا گیا تھا.
گزشتہ چند روز سے بلتستان میں شدید سردی ہے اور پارہ منفی 22 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا ہے بالائی علاقوں میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے.
شدید سردی کے سبب شمالی علاقوں کے ندی، نالے اور دریا جم گئے ہیں، آئندہ 24 گھنٹے کے بعد موسم میں تبدیلی کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے کل سے بالائی علاقوں میں ایک بار پھر برفباری کا امکان ہے.

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج بھی اسکردو ملک کا سرد ترین شہر قرار دیا گیا ہے ٹھنڈ بڑھنے سے بلتستان کے بالائی علاقوں میں شہریوں کو بھی مشکلات کا سامنا ہے شیلا، گلتری اور شغر تھنگ کا زمینی رابطہ ایک ماہ سے بدستور بند ہے اور لوگوں نے حکومت سے فوری امداد کا مطالبہ کیا ہے. استور میں شدید سرد موسم کے باعث ہر چیز جم جانے سے عوامی مسائل اور مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے دوسری جانب کراچی میں بھی سرد ہواوں کا راج ہے جہاں کم سے کم درجہ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے.
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد میں ریکارڈ کیا جانے والا کم سے کم درجہ حرارت ایک ڈگری سینٹی گریڈ رہا جب کہ لاہور میں 6، پشاور میں صفر، کوئٹہ میں منفی 4، مظفر آباد میں صفر، گلگت میں منفی 6، ملتان میں 3، فیصل آباد میں 2 اور حیدر آباد میں کم سے کم درجہ حرارت 8 ڈگری سینٹی گریڈ رہا. ملک بھر میں سردی کی شدت کے حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پنجاب اور بالائی سندھ کے بیشتر میدانی علاقوں جب کہ خیبر پختونخوا کے بعض اضلاع میں رات اور صبح کے اوقات میں شدید دھند چھائے رہنے کی توقع ہے‘محکمہ موسمیات کا مزید کہنا ہے کہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی علاقوں میں شدید سرد رہے گا.