برفباری میں لوگوں کو بچانے والا نوجوان ہیرو قرار، وزیراعظم کی بھی داد

  • January 20, 2020, 1:44 pm
  • National News
  • 245 Views

کوئٹہ: شدید برفباری میں لوگوں کی جان بچانے والا نوجوان سلیمان ہیرو بن گیا جنہیں وزیراعظم عمران خان نے بھی خوب داد دی۔

کوئٹہ کے نواحی علاقے کچلاک سے تعلق رکھنے والے نوجوان سلیمان خان نے حالیہ شدید برفباری میں 100 سے زائد افراد کی جان بچائی تھی جس کے بعد سوشل میڈیا پر ان کے خوب چرچے ہو رہے ہیں۔

سلیمان خان نے 13 جنوری کو دوپہر 2 بجے اپنی مدد آپ کے تحت ریسکیو کا کام شروع کیا، متاثرین کو برف سے نکال کر اپنی گاڑی میں محفوظ مقام تک پہنچایا، یہاں تک کہ اپنے گھر میں کئی مسافروں کے لئے قیام اور کھانے پینے کا بندوبست بھی کیا۔
سلیمان خان نے کہا کہ سب کچھ اللہ تعالیٰ کی رضا کے لئے کیا، برفباری میں پھنسے لوگوں، مریضوں اور بچوں کو ترجیحی طو ر پر نکالا۔

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان بھی سلیمان کی بہادری پر داد دیئے بغیر نہ رہ سکے اور سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم کو سلیمان خان پر فخر ہے جنہوں نے جرات مندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہایت بے لوث انداز میں برف میں پھنسے ہوئے لوگوں کی مدد کی۔