ایف اے ٹی ایف گرے لسٹ، فیصلہ آج ہوگا

  • January 23, 2020, 1:07 pm
  • National News
  • 167 Views

بیجنگ: پاکستان ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں رہے گا یا اسے کلین چٹ مل جائے گی، فیصلہ آج ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق ذرایع نے کہا ہے کہ پاکستان نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے اجلاس میں منی لانڈرنگ روکنے کے لیے 22 مطالبات پر اٹھائے جانے والے اقدامات سے مشترکہ گروپ کو نہ صرف آگاہ کیا بلکہ اپنی کارکردگی کی رپورٹ بھی پیش کر دی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز بیجنگ میں فنانشل ایکشن ٹاسک فورس نے پاکستان کی جانب سے منی لانڈرنگ اورٹیرر فنانسنگ کے خلاف کیے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ مذاکرات کے دوران پاکستان نےایف اے ٹی ایف حکام کو گزشتہ ساڑھے چار ماہ کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔

ذرایع کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیر حماد اظہر نے بریفنگ میں بتایا کہ کالعدم تنظیموں پر پابندیاں عائد کی جا چکی ہیں، منی لانڈرنگ روکنے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے گئے، ٹیرر فنانسنگ کے حوالے سے کیس رجسٹریشن 451 فی صد اضافے کے ساتھ 827 ہو گئی، اس حوالے سے گرفتاریوں کی تعداد 1104 رہی، جو چھ سو ستتر فی صد زیادہ ہے۔

پاکستان نے بتایا کہ ٹیرر فنانسنگ کیسز میں سزائیں دینے کے عمل میں 403 فی صد کا اضافہ ہوا جب کہ 196 سزائیں ہوئیں، ٹیرر فنانسنگ کے کیسز میں اکتیس کروڑ بیالیس لاکھ کی برآمدگی ہوئی اور خیبر پختون خوا میں 387 کیسز رجسٹرڈ ہوئے، ذرایع کے مطابق ایف اے ٹی ایف حکام نے پاکستان کی رپورٹ پر اظہار اطمینان کیا۔