ڈرامہ سیریل ’میرے پاس تم ہو‘کی آخری قسط نشر کرنے کیخلاف درخواست ،کمرہ عدالت میں دلچسپ مکالمہ

  • January 23, 2020, 2:52 pm
  • Entertainment News
  • 485 Views

معروف ڈرامہ سیریل میرے پاس تم ہو کی آخری قسط نشر کئے جانے کیخلاف دائر درخواست کی سماعت ہوئی اس دوران کمرہ عدالت میں دلچسپ مکالمہ ہوا۔

درخواست گزار نے استدعا کی ڈرامے کی آخری قسط نشر کرنے سے روکا جائے۔کیونکہ اس میں عورت کا کردار منفی دکھایاگیا ہے کہ وہ پیسے کیلئے شوہر کو چھوڑ کر چلی جاتی ہے جس پر ایڈووکیٹ جنرل برجستگی میں بتا گئے کہ وہ عورت آخری قسط میں واپس آرہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق اے آر وائی ڈیجیٹل پر دکھائے جانے والے ڈرامہ سیریل میرے پاس تم ہو کی آخری قسط کونشر کرنے سے روکنے کے حوالے سے دائر درخواست پر سماعت ہوئی جس میں درخواست گزار نے موقف اختیارکیا کہ اس میں عورت کا کردار منفی دکھایاگیا ہے کہ وہ پیسے کیلئے شوہر کو چھوڑ کر چلی جاتی ہے اس لئے ایسے ڈرامے کو نشر کرنے سے روکا جائے، جس پر ایڈیشنل جنرل ایڈووکیٹ نے کہا آخری قسط میں وہ عورت واپس آرہی ہے۔اس موقع پر جسٹس محمد علی مظہرنے کہا آپ پہلے کیا کررہے تھے،پورا ڈرامہ دیکھ کرآگئے۔جج نے استفسار کیا کہ ڈرامہ سینما گھروں میں کیوں دکھایا جا رہا ہے پہلے تو نہیں دکھایاجاتا تھاجس پر ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے کہا ڈرامہ خاصہ مقبول ہے، سینما گھروں کے ٹکٹ بھی فروخت ہو چکے ہیں جس پر جج نے کہا کیا آپ نے ٹکٹ خریدا ہے تو ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے جواب دیا کہ جی وہ ٹکٹ خرید چکے ہیں اور ڈرامہ دیکھنے بھی جارہے ہیں، وکلا نے لقمہ دیا کہ کمرہ عدالت میں جتنے بھی لوگ بول رہے ہیں سب نے ٹکٹ خرید رکھے ہیں جس پر عدالت میں قہقہے لگ گئے۔عدالت نے کہااتنے سارے ٹکٹس فروخت ہوچکے اب اسے نشر کرنے سے کیسے روکیں۔

عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے چار فروری کو طلب کرلیا، جبکہ ڈرامہ پچیس جنوری کو آن ایئر کیاجانا ہے۔