وفاقی حکومت نے سرکاری سکیم کے حج پیکج میں ڈیڑھ لاکھ روپے کا اضافہ کردیا

  • January 23, 2020, 2:55 pm
  • National News
  • 167 Views

سال 2020حج پر جانے کے خواہشمند حجاج کرام کو مجموعی طور پرساڑھے پانچ لاکھ روپے ادا کرنے ہونگے

وزارت حج ومذہبی امور نے سرکاری سکیم کے تحت حج پر جانے والوں زائرین کے لیے حج پیکج میں1لاکھ15ہزار اضافہ کردیا ہے جس کے بعد 2020میں حج پر جانے کے خواہش مند حجاج کرا م کو مجموعی طور پر5لاکھ50ہزار روپے دینا ہونگے وزارت کا کہنا ہے کہ حج پیکج میں اضافے کی تجویز روپے کی قدر میں کمی اور ایئرلاینز کے کرایوں میں اضافے کے سبب دی گئی ہے.
سیکرٹری وزارت مذہبی امور مشتاق بھرانہ نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور کے اجلاس میں ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ اس سال ایک لاکھ 79 ہزار عازمین حج جارہے ہیں، حج پیکج میں اس سال ایک لاکھ 15 ہزار روپے کا اضافہ کیا ہے، اس سال نارتھ ریجن کا حج پیکج 5 لاکھ 50 ہزار تک ہوگا جب کہ ساوتھ ریجن کا پیکج 5 لاکھ 45 ہزار ہوگیا ہے.چیئرمین قائمہ کمیٹی مولانا عبدالغفور حیدری نے پوچھا کہ آپ کہتے ہیں ڈالر کی قیمت میں اضافہ ہوا، اس لیے پیکج بڑھا ہے، اس پر سیکرٹری نے بتایا کہ گزشتہ سال حاجیوں سے 4 لاکھ 33 ہزار تک لیے اور جو پیسے بچ گئے، ہر حاجی کو واپس کیے گئے، حجاج کو تقریبا 5 ارب روپے واپس کیے گئے، ایک شرح کے مطابق 37 ہزار روپے فی حاجی واپس کئے اور کچھ کو 60 ہزار تک بھی واپس کئے گئے.
سیکرٹری مذہبی امور نے مزید بتایا کہ اس سال روپے کی قدر میں گراوٹ اور ایئر لائنز کے کرایوں میں اضافے کی وجہ سے حج پیکچ میں اضافہ کرنا پڑا . سینیٹر حافظ عبدالکریم نے کہا حکومت حج اخراجات میں اضافے کے بجائے ہم سے بات کرے، مل بیٹھ کر کوئی حل نکالا جاسکتا ہے اجلاس کے دوران وفاقی وزیر مذہبی امور کی عدم حاضری پر سینیٹر سراج الحق سمیت دیگر ارکان نے احتجاج کیا اور نورالحق قادری کی آمد تک اجلاس ملتوی کردیا گیا.
واضح رہے کہ دسمبر میں قومی اسمبلی کے اجلاس میں سوالات کے تحریری جواب میں وزارت مذہبی امور نے اعتراف کیا تھا کہ عازمین حج کی جانب سے جمع کرائی گئی رقوم پروزارت سود حاصل کرتی ہے اور 5 سالوں میں 1 ارب روپے سے زائد کا سود حاصل ہوا جو حجاج کی ادیات اور دیگرامور پر خرچ کیا گیا.وزارت مذہبی امور نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں تحریری جواب داخل کراتے ہوئے بتایا تھاکہ حجاج کی جمع کروائی گئی رقم پر بینکوں سے سود لیا جاتا ہے اور حجاج کی رقم پر 2018 میں 21کروڑ روپے کا سود حاصل ہوا تھا تحریری جواب میں کہا گیا تھا کہ 2018 عازمین حج کی جانب سے 3لاکھ 74 ہزار 857 درخواستیں دی گئیں اور ان درخواستوں کے ساتھ 106ارب 41 کروڑ سےزائدرقم اکٹھی ہوئی جس پر 21 کروڑ روپے کا سود حاصل ہوا تھا جواب کے مطابق عازمین حج کی جانب سے جمع کرائی گئی رقم پر گزشتہ 5سال کے دوران 1ارب 17 کروڑ روپے کاسودحاصل ہوا اور یہ رقم حجاج کی ویکسین،ٹریننگ،ادویات پرخرچ ہوتی ہے.وزارت مذہبی امور کا کہناتھا کہ قرعہ اندازی کے بعد ناکام درخواست گزاروں کو رقم واپس کر دی جاتی ہے یاد رہے آئندہ سال حج پالیسی کے بنیادی نکات تیار کرلئے گئے ہیں ، نکات میں 2 سال کے لئے قرعہ اندازی کی تجویز دی گئی ہے ، دوسرے سال والے کامیاب عازمین قسطوں میں رقم جمع کراسکیں گے، قرعہ اندازی جنوری میں ہونے کا امکان ہے.