افغانستان میں مسافر طیارہ گر کر تباہ ہو گیا

  • January 27, 2020, 4:13 pm
  • World News
  • 133 Views

افغانستان کے مشرقی علاقے میں مسافر طیارہ گر کر تباہ ہو گیا ہے،تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق آریانا ائیر لائن کا طیارہ صوبہ غزنی میں گرا۔برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ طیارے میں 83 مسافرسوار تھے۔ابتدائی اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ تکنیکی وجوہات کی بنا پر طیارے میں آگ لگی جس کے بعد طیارہ گرا۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ کسی بھی مسافر کے بچ جانے کی اطلاع نہیں ہے تاہم اس حوالے سے مصدقہ اطلاعات سامنے نہیں آئیں۔صوبہ غزنی کی صوبائی کونسل کے رکن خلیق آباد اکبری نے ضلع ڈیہ یاک میں طیارہ گرنے کی تصدیق کی ہے۔غزنی صوبے کے گورنر کے ترجمان عارف نوری نے کہا ہے کہ ابھی تک یہ علم نہیں کہ یہ طیارہ مسافر طیارہ تھا یا فوجی اور یہ بھی معلوم نہیں کہ اس میں کتنے مسافر سوار تھے۔
صوبائی حکومت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ صوبہ غزنی کے ضلع ڈیہ یاک میں دوپہر ایک بج کر 10منٹ پر طیارہ گر کر تباہ ہوا۔ طیارے میں آگ لگی ہوئی تھی جسے گاؤں کے لوگوں نے بجھانے کی کوشش بھی کی۔ہمیں ابھی تک معلوم نہیں کہ یہ مسافر طیارہ تھا یا پھر فوجی۔جب کہ صوبہ غزنی کے ترجمان عزیز اللہ اعظمی نے افغان ائیر لائن کے طیارے آریانہ ائیر بس کے تباہ ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ابھی تک ہلاکتوں یا زخمی مسافروں کے بارے میں کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔