شمالی وزیرستان: سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 5 دہشت گرد ہلاک، 2جوان شہید

  • January 30, 2020, 12:10 pm
  • National News
  • 97 Views

شمالی وزیرستان : سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں کارروائی کے دوران 5 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جبکہ 2جوان شہید ہوئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نےشمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا، آپریشن کے دوران 5 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آپریشن کےدوران دہشت گردوں کی فائرنگ سے2جوان بھی شہید ہوئے ، شہید ہونے والوں میں سپاہی محمد شمیم اور سپاہی اسد خان شامل ہیں۔

یاد رہے گذشتہ سال دسمبر کے آغاز میں سیکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان کے علاقے بویا میں خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا تھا، جس کے نتیجے میں دو دہشت گرد ہلاک ہوگئے تھے جبکہ فورسز کے دو اہلکار بھی شہید ہوئے تھے۔

اس سے قبل نومبر میں شمالی وزیرستان میں دیسی ساختہ بارودی سرنگ کا دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں پیٹرولنگ ٹیم کے 3 جوان شہید اور ایک زخمی ہوگیا تھا۔