شکاری سعودی شہزادوں کیلئے دالبندین میں بستی آباد

  • January 30, 2020, 12:22 pm
  • National News
  • 158 Views

Email
سعودی عرب کے صوبہ تبوک کے گورنر پرنس فہد بن سلطان دیگر سعودی حکام کے ہمراہ اگلے ہفتے بلوچستان کے علاقہ دالبندین پہنچیں گے۔

شاہی مہمانوں کے لیے دالبندین کے قریب واقع جنوب مغربی ریگستانی علاقے میں سعودی عارضی خیمہ بستی آباد کردی گئی ہے۔ رات کے وقت چراغاں ہونے سے ریگستان روشنیوں کے شہر کا منظر پیش کر رہا ہے۔

سعودی حکام کی آمد سے قبل ان کے شکار گاہ اور گردونواح میں سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ ایف سی کے ساتھ اے ٹی ایف، پولیس اور لیویز فورس کے خصوصی دستے تعینات کر دیئے گئے ہیں۔ سعودی شاہی مہمان تین ہفتے تک ضلع چاغی کے صحرائی علاقوں میں تلور کا شکار کریں گے۔

اس سلسلے میں گزشتہ روز سیکورٹی کے انتظامات کے سلسلے میں ڈپٹی کمشنر چاغی فتح خان خجک کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں مختلف امور پر تفصیلی غور و خوص کیا گیا۔

سعودی شاہی مہمان اپنے خصوصی طیارے کے ذریعے سعودی عرب سے دالبندین پہنچیں گے جبکہ وفاقی و صوبائی وزرا اور اعلی سرکاری حکام شاہی مہمانوں کی استقبال کے لئے عنقریب دالبندین میں موجود ہوں گے۔