یو اے ای کا پاکستانی نوجوانوں کے لیے 200 ملین ڈالرز کی رقم دینے کا اعلان

  • January 30, 2020, 12:26 pm
  • National News
  • 112 Views

اسلام آباد: وزیر اعظم کے کامیاب جوان پروگرام کی عالمی سطح پر زبردست پذیرائی دیکھنے میں آ رہی ہے، یو اے ای حکومت نے پاکستان کو اس پروگرام میں تعاون کی بڑی پیش کش کر دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار سے یو اے ای سفیر حماد عبید ابراہیم نے ملاقات کر کے پاکستانی نوجوانوں کے لیے 200 ملین ڈالرز کی رقم دینے کا اعلان کیا، رقم کا وعدہ ابوظبی کے ولی عہد محمد بن زید النہیان نے حالیہ دورے میں کیا تھا۔

متحدہ عرب امارات کے سفیر نے ملاقات میں کہا کہ پاکستانی نوجوانوں میں بے پناہ ٹیلنٹ اور صلاحیت دیکھی ہے، ہم پاکستان سے مل کر نوجوانوں کی تعمیر و ترقی کے لیے کردار ادا کریں گے، اس سلسلے میں پاکستانی نوجوانوں کے لیے عملی اقدامات کا آغاز جلد کیا جا رہا ہے۔



دریں اثنا، یو اے ای نے پاکستان کے ساتھ یوتھ ایکس چینج پروگرام شروع کرنےکا بھی اعلان کیا ہے، ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پاکستانی نوجوانوں کا وفد تربیت کے لیےمتحدہ عرب امارات بھیجا جائے گا، جہاں انھیں انٹرنشپ سمیت آرٹیفشل انٹیلی جنس مہارت سکھائی جائے گی، یواے ای نے پاکستانی نوجوانوں کو دبئی ایکسپو 2020 میں بھی شراکت داری کی پیش کش کرتے ہوئے اعلان کیا کہ دبئی ایکسپو میں پاکستانی نوجوانوں کو خصوصی پویلین دیے جائیں گے۔

سفیر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان نوجوانوں کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے، مستقبل میں ہنرمند نوجوانواں کو شان دار مواقع فراہم کریں گے۔ معاون خصوصی عثمان ڈار نے پروگرام میں تعاون کی پیش کش کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم کے وژن کے مطابق نوجوان طبقے کو اوپر اٹھانا ہے، ملکی تاریخ میں پہلی بار نوجوانوں پر خطیر سرمایہ کاری کی جا رہی ہے، نوجوان آنے والے برسوں میں ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی بنیں گے۔