ژوب میں قدیم مندر ہندو برادری کے سپرد

  • February 7, 2020, 11:08 am
  • National News
  • 288 Views

بلوچستان کے ضلع ژوب میں 100 سالہ قدیم مندر کو ہندو برادری کے حوالے کردیا گیا۔ تقریب میں جید علماء اور ہندو برادری نے شرکت کی۔

مندر حوالے کرنے کی تقریب بابو محلہ ژوب میں منعقد ہوئی جس میں جامع مسجد ژوب کے خطیب، ڈپٹی کمشنر ژوب طٰحہ سلیم سمیت ہندوبرادری کے سرکردہ رہنماؤں، محکمہ تعلیم کے حکام اور دیگر نے شرکت کی۔

ڈپٹی کمشنر نے مندر کی چابیاں ہندو برادری کے حوالے کیں۔ ڈپٹی کمشنر ژوب کے مطابق مندر میں گزشتہ تیس سال سے ایک پرائمری سکول بھی قائم ہے جسے جلد متبادل جگہ پر منتقل کردیا جائے گا۔

تقریب سے خطاب کے دوران مولانا اللہ داد کاکڑ اور دیگر نے کہا کہ مندر ہندو برادری کے حوالے کرنا پاکستان میں بین المذاہب ہم آہنگی کی ایک زندہ مثال ہے۔ تمام مذہبی اور سیاسی جماعتیں اس اقدام کو سراہتی ہیں۔ علاقے کے عوام اور مذہبی جماعتیں اپنے ہمسایہ اور ہم وطن غیر مسلموں کی ہر لحاظ سے مدد کریں گے۔

تقریب کے دوران ہندو برادری کے رہنماؤں نے تاریخی عبادت گاہ واپس حوالے کرنے پر خوشی کا اظہار کیا اور ضلعی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔