راولپنڈی ٹیسٹ : پاکستان نے بنگلہ دیش کو اننگز اور 44رنز سے ہرا دیا

  • February 11, 2020, 11:27 am
  • Sports News
  • 131 Views

راولپنڈی : پاکستان نے بنگلہ دیش کو اننگز اور 44رنز سے شکست دے کر راولپنڈی ٹیسٹ جیت لیا، بنگلادیشی ٹیم دوسری اننگز میں صرف168رنز پر پویلین لوٹ گئی، شاندار ہیٹ ٹرک کرنے پر نسیم شاہ میں آف دی میچ قرار پائے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان راولپنڈی میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچ میں قومی ٹیم نے بنگال ٹائیگر کو شکست دے دی، بنگلہ دیش کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں صرف 168رنز ہی بنا سکی۔

بنگلہ دیش نے دوسری اننگز میں بیٹنگ کا آغاز کیا تو پاکستانی باؤلرز نے بنگلہ دیشی بلے بازوں کو وکٹ پر زیادہ دیر ٹکنے نہ دیا۔ نسیم شاہ کو راولپنڈی ٹیسٹ میں شاندار ہیٹ ٹرک کی بدولت مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

دوسری اننگز میں نسیم شاہ اور یاسرشاہ نے4،4وکٹیں لیں، شاہین آفریدی اور محمد عباس نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیابنگلہ دیش ٹیم کے کپتان مومن الحق41،نجم الحسین38،تمیم اقبال34رنز بناسکے۔

واضح رہے کہ پاکستان نے پہلی اننگز میں بنگلہ دیش کے233 رنز کے جواب میں10 وکٹوں پر445رنز بنائے تھے اور اسے 212رنز کی برتری حاصل تھی، جواب میں بنگلہ دیش نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو شاھینوں نے ان کو چاروں طرف سے گھیرے رکھا اور وکٹ پر زیادہ دیر تک رہنے نہ دیا۔

نسیم شاہ نے اپنے کیریئر کی پہلی ہیٹ ٹرک کرتے ہوئے بنگال ٹائیگرز کو مکمل طور پر قابو کرلیا، انہوں نے یکے بعد دیگرے سیف حسن، محمد اللہ ،تیج السلام اور نجم الحسن کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ یاسر شاہ نے تمیم اقبال اور محمد مٹھن کو میدان سے باہر بھیجا۔