غریب مکا ؤمہم،یوٹیلیٹی سٹورز پر ریلیف پیکیج کے نام پر قیمتیں بڑھا دی گئیں

  • February 12, 2020, 10:26 am
  • Business News
  • 168 Views

وزیراعظم عمران خان کا نوٹس بھی کام نہ آیا، یوٹیلیٹی سٹورز پر ریلیف پیکیج کے نام پر قیمتیں بڑھا دی گئیں، چینی دو روپے اور گھی پانچ روپے فی کلو مہنگا ہو گیا۔

نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے چلائی جانے والی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ یوٹیلیٹی سٹورز پر اشیائے خورونوش کی قیمتیں کم کرنے کے بجائے بڑھا دی گئی ہیں۔ یوٹیلیٹی سٹورز پر چینی پہلے اڑسٹھ روپے اور وزیراعظم کے نوٹس کے بعد 70 روپے فی کلو ہو گئی ہے اور ریلیف کے نام پر دو روپے کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔اس کے علاوہ گھی کی قیمت کو بھی پر لگ گئے ہیں۔ وزیراعظم ریلیف پیکج کے بعد یوٹیلٹی سٹورز پر گھی کی قیمتوں میں پانچ روپے اضافہ ہو گیا ہے۔ قیمت ایک سو ستر سے بڑھ ایک سو پچھہتر روپے فی کلو ہوگئی۔

اس سے قبل معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ یوٹیلٹی سٹورز کو پیکج سے ذخیرہ اندوزوں کی حوصلہ شکنی ہوگی۔ چینی کے ذخیرہ اندوز چینی مارکیٹ میں لے آئیں ورنہ ان کو لینے کے دینے پڑ جائیں گے۔ حکومت مارکیٹ میں چینی کا سیلاب لے کر آئے گی۔ذرائع کے مطابق کابینہ اجلاس میں ریلیف پیکیج پر بعض وزرا نے شدید تنقید کرتے ہوئے یوٹیلیٹی سٹورز کو اربوں کا پیکج دینے کی بجائے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی تجویز دی تھی۔وزیر اعظم نے کھاد کمپنیوں کی جانب سے قیمتیں کم نہ کرنے پر بھی برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد سے سخت انداز میں پوچھ گچھ کی۔وزیراعظم نے کہا کہ بتایا جائے کہ جی آئی ڈی سی ختم کرنے کے باوجود کھاد کی قیمتیں کم کیوں نہیں ہوئیں؟ وزیراعظم نے ہدایت کی وزارت تجارت کھاد کمپنیوں کو مقررہ ریٹ کا پابند بنائے، کسی صورت کسانوں کا استحصال نہیں ہونے دوں گا۔