"حکومت" نے مولانا فضل الرحمان کو گرفتار کرنے کا باقاعدہ عندیہ دے دیا

  • February 13, 2020, 10:56 am
  • National News
  • 223 Views

"حکومت" نے مولانا فضل الرحمان کو گرفتار کرنے کا باقاعدہ عندیہ دے دیا، وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ پہلے دھرنے کی اور بات تھی، مولانا اب اسلام آباد آئے تو ان کی خیر نہیں ہوگی، دبوچ لیے جائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق جمیعت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی جانب سے تحریک انصاف کی حکومت کیخلاف ایک مرتبہ پھر دھرنا دینے اور مارچ کرنے کا عندیہ دیے جانے کے بعد حکومتی وزیر شیخ رشید احمد کی جانب سے ردعمل دیا گیا ہے۔
وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کی حکومت کو اب کوئی خطرہ نہیں ہے۔ چاہے شہباز شریف پاکستان واپس آئیں یا مولانا فضل الرحمان دوبارہ کوئی دھرنا دیں۔
وزیر ریلوے کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کے پہلے دھرنے کی بات اور تھی، اب ویسے کسی دھرنے کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے اب اسلام آباد آنے کی کوشش کی تو ان کی خیر نہیں ہوگی۔

اس مرتبہ مولانا نے دھرنا دینے کی کوشش کی تو وہ فوری دبوچ لیے جائیں گے۔ واضح رہے کہ مولانا فضل الرحمان ایک مرتبہ پھر حکومت گرانے کیلئے کوششیں کرنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔ مولانا کا کہنا ہے کہ عوام کو مہنگائی کے بوجھ سے نجات دلانے کیلئے ضروری ہے کہ موجودہ حکومت کا جلد سے جلد خاتمہ کیا جائے۔ تاہم مولانا نے یہ بھی کہا ہے کہ وہ اس مرتبہ حکومت مخالف تحریک کیلئے اپوزیشن جماعتوں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن سے مدد نہیں مانگے گے۔
مولانا کا کہنا ہے کہ اس وقت ملک میں صرف ایک ہی حقیقی اپوزیشن رہ گئی ہے اور وہ ان کی جماعت ہے۔ جبکہ یہاں یہ بھی واضح رہے کہ مولانا فضل الرحمان نے گزشتہ برس اکتوبر میں حکومت مخالفت دھرنا دیا تھا اور ہزاروں لوگوں کیساتھ اسلام آباد پہنچے تھے۔ تاہم کئی روز تک اسلام آباد میں بیٹھے رہنے کے باوجود مولانا اپنا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہے، اور پھر دھرنا ختم کر کے گھر چل دیے تھے۔