جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم 12سال بعد دورہ پاکستان کیلئے تیار

  • February 13, 2020, 10:57 am
  • Sports News
  • 158 Views

جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کا شیڈول فائنل کرلیا گیا۔ ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ جنوبی افریقی کرکٹ بورڈ نے اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے کیلئے حامی بھرلی ہے۔ اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ نے جنوبی افریقہ کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے شیڈول فائنل کرلیا ہے۔ ذرائع کے مطابق جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم 25، 27 اور 29 مارچ کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی۔
خیال رہے کہ جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کا دورہ بھارت 18 مارچ کو ختم ہو رہا ہے، جبکہ پی ایس ایل سیزن کا پانچواں سیزن 22 مارچ کو ختم ہورہا ہے، اسی وجہ سے پاکستان کرکٹ بورڈ نے فیصلہ کیا ہے کہ جنوبی افریقہ کیخلاف ٹی ٹوئنٹی میچز 25، 27 اور 29 مارچ کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔
دوسری جانب جنوبی افریقی کرکٹ بورڈ سیریز کے سلسلے میں سیکیورٹی وفد پاکستان بھیجنے پر غور کر رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق جنوبی افریقی کرکٹ بورڈ اپنا سیکیورٹی وفد پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پانچویں سیزن کے دوران پاکستان بھیجے گا۔ ذرائع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ اگر سیکیورٹی وفد پاکستان میں سیکیورٹی کو مطمئن قرار دیتا ہے تو جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم سال 2021 میں پاکستان کا مکمل دورہ کرسکتی ہے، جس میں ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے سیریز سمیت ٹیسٹ سیریز بھی شامل ہوگی۔
اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر وسیم خان بھی دعویٰ کرچکے ہیں کہ جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی۔ اس حوالے سے کرکٹ شائقین بھی خوش نظر آتے ہیں۔ 2009 میں سری لنکن کرکٹ ٹیم پر لاہور میں حملے کے بعد پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ ختم ہوگئی تھی، تاہم اس حادثے کے بعد سے ہی پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کی کوششیں تیز کردی تھیں۔
اس حوالے سے زمبابوے کرکٹ ٹیم، سری لنکن کرکٹ ٹیم ، ورلڈ الیون اور بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم نے پاکستان کا دورہ کیا جبکہ پاکستان سپر لیگ کے کچھ میچز بھی پاکستان میں منعقد کروائے گئے، تاہم اب جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم نے 3 ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کیلئے مارچ کے آخر میں پاکستان کا دورہ کرنے کی حامی بھر لی ہے۔