گرے لسٹ سے نکلنے کے لیے پاکستان کو 15 ووٹ درکار

  • February 17, 2020, 11:05 am
  • National News
  • 441 Views

اسلام آباد: فرانس کے دارالحکومت پیرس میں ایف اے ٹی ایف کے پانچ روزہ اجلاس کا آج دوسرا روز ہے، گرے لسٹ سے نکلنے کے لیے پاکستان کو 15 ووٹ درکار ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی وزیر اقتصادی امور حماد اظہر کی قیادت میں پاکستانی وفد پیرس میں موجود ہے، وفد میں وزارت خزانہ، اسٹیٹ بینک، ایف ایم یو کے حکام شامل ہیں۔ اجلاس میں پاکستان کا نام گرے لسٹ سے نکالنے یا برقرار رکھنے سے متعلق فیصلہ ہوگا۔

فناننشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) نے پاکستان کو جون 2018 میں گرے لسٹ میں شامل کیا تھا، جس کے بعد پاکستان نے دیے گئے ایکشن پلان پر عمل درآمد میں ٹھوس پیش رفت کی، اور منی لانڈرنگ، ٹیرر فنانسنگ کے خطرات پر قابو پایا، اب گرے لسٹ سے نکلنے کے لیے پاکستان کو 15 ووٹ درکار ہیں، جس کے لیے پاکستان نے بھرپور سفارت کاری کی ہے۔

دوسری طرف پاکستان کو بلیک لسٹ میں شامل کیے جانے کا کوئی امکان نہیں ہے، پاکستان کو بلیک لسٹ میں ڈالنے کی کوشش ناکام بنانے کے لیے درکار 3 ووٹ موجود ہیں۔ خیال رہے کہ پڑوسی ملک بھارت نے بھرپور کوششیں کی ہیں کہ پاکستان کو بلیک لسٹ کیا جائے لیکن وہ اپنی ان مذموم کوششوں میں کامیاب نہیں ہو سکا ہے۔

پاکستان کے دورے کے موقع پر ترک صدر رجب طیب اردوان نے بھی پاکستان کی حمایت کا اعلان کیا تھا، انھوں نے کہا تھا کہ پاکستان ترقی اور خوش حالی کے سفر کی جانب رواں دواں ہے، ماضی کی طرح مستقبل میں بھی پاکستان کا بھرپور ساتھ دیں گے، ایف اے ٹی ایف میں پاکستان کی بھرپور حمایت کا پختہ یقین دلاتے ہیں۔