معین خان پی ایس ایل شروع ہونے سے پہلے ہی اپنے بیٹے کے گن گانے لگے

  • February 20, 2020, 12:08 pm
  • Sports News
  • 173 Views

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز کوئٹہ گلیڈی اٹرز کے ہیڈ کوچ معین خان کا کہنا ہے کہ لیگ کے5ویں ایڈیشن میں نسیم شاہ، محمد حسنین اور اعظم خان ترپ کا پتہ ثابت ہو ں گے کیونکہ تینوں کھلاڑی تن تنہاءمیچ کا پانسہ پلٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل کے آغاز میں صرف ایک دن گیاہے،ابتدائی 2میچز نیشنل سٹیڈیم ،کراچی میں ہوںگے جسکے بعد قذافی سٹیڈیم،لاہور میں بھی کرکٹ کی دنیا کے ستارے جگمگائیں گے۔
ٹورنامنٹ میں شریک6ٹیمیں اپنی اپنی تیاریوں میں مصروف ہیں جنہوں نے بہترین کرکٹرز کا انتخاب کیا ہے اور ہر ٹیم ہی ٹائٹل جیتنے کی امید لیے میدان میں اترنے کی منتظر ہے۔دفاعی چیمپین کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کوچ معین خان کا خیال ہے کہ یہ ٹورنامنٹ نوجوانوں کیلئے اوپر آنیکا بہت زبردست موقع ہے اور انہیں اس کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کرنی چاہئے۔
انکا کہنا ہے کہ فاسٹ باﺅلر محمد حسنین، نسیم شاہ اور بلے باز اعظم خان پی ایس ایل 5میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیلئے ترپ کا پتہ ثابت ہوں گے۔سابق کپتان نے کہا کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے سکواڈ میں سے3 کھلاڑیوں کا انتخاب کرنا بہت مشکل ہے کیونکہ ہر کھلاڑی ہی بھرپور صلاحیتوں کا مالک ہے تاہم میرے خیال میں محمد حسنین، نسیم شاہ اور اعظم خان تن تنہاءمیچ کا پانسہ پلٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں، حسنین اور نسیم شاہ انٹرنیشنل کرکٹ میں کامیابی کا مزہ بھی چکھ چکے ہیں، انکی رفتار ہمارے لئے بہت اہم ہو گی جو مخالف ٹیم کی بیٹنگ لائن کے پرخچے اڑا سکتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسی طرح اعظم خان بھی ایک ٹیلنٹڈ کھلاڑی ہے، وہ بڑی بڑی شاٹس مارتا ہے اور شاندار استعداد کا مالک ہے۔ جس طرح وہ پریکٹس کر رہا ہے اور اپنے کھیل پر سخت محنت کر رہا ہے، ٹورنامنٹ میں کھیلنے کا موقع ملنے پر وہ زبردست تاثر چھوڑ سکتا ہے۔