رواں سال حج اخراجات سے متعلق عازمین کے لیے بڑی خبر

  • February 21, 2020, 11:53 am
  • National News
  • 333 Views

اسلام آباد : ترجمان وزارت مذہبی امور عمران صدیقی کا کہنا ہے کہ حج اخراجات میں صرف27ہزارروپےاضافہ کیاگیا، گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی 80سے 90 فیصدحاجی روڈ ٹو مکہ کا فائدہ اٹھاسکیں گے۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان وزارت مذہبی امور عمران صدیقی نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبرسویرا میں گفتگو کرتے ہوئے کہا حج اخراجات میں صرف27ہزارروپےاضافہ کیاگیا، انشورنس،ویزا فیس میں سعودی عرب نے110 ریال کا اضافہ کیا۔

،عمران صدیقی کاکہنا تھا کہ جوائنٹ ورکنگ کمیٹی کسی بھی مسئلے کو حل کرے گی، گزشتہ سال22 ہزار حجاج نے اسلام آبادسے روڈ ٹو مکہ کا فائدہ اٹھایاہے، اس سال 80سے 90 فیصدحاجی سہولت سےفائدہ اٹھاسکیں گے۔

یاد رہے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نور الحق قادری نے کہا تھا کہ وزیراعظم نے کم سے کم حج پیکیج بنانے کی ہدایت کی ہے،ان کی خواہش ہے ملائیشیا کے ماڈل کاحج فنڈ قائم کیا جائے ہمارے لیے حاجی سب کچھ ہے،، حاجیوں کوخوش رکھنا، تحفظ اور خیال رکھنا ہماری ذمہ داری ہے۔

نورالحق قادری کا کہنا تھاکہ مہنگائی کے باعث حج اخراجات میں معمولی اضافہ کیا گیا، حج اخراجات کم کرنے کیلئے محنت کی، حکومت کی شروع دن سے کوشش ہے عوام پر زیادہ بوجھ نہ ڈالا جائے، اپیل کرتا ہوں نجی حج کمپنیاں حکومت کے ساتھ تعاون جاری رکھیں۔

خیال رہے وزیراعظم عمران خان نے حج پیکیج میں 1 لاکھ پانچ ہزار روپے کا اضافہ مسترد کردیا تھا ، جس کے بعد وزارت مذہبی امور نے حج کے لیے 4 لاکھ 90 ہزار روپے کا اعلان کیا تھا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حاجیوں سے صرف کرائے کی مد میں اضافہ وصول کیا جائے، کرائے میں صرف 20 سے 25 ہزار روپے اضافہ ہوگا اور عازمین حج سے 80 ہزار روپے کسی صورت وصول نہیں کیے جائیں گے۔