ماسک کی مہنگے داموں فروخت کیخلاف درخواست دائر

  • February 27, 2020, 1:24 pm
  • National News
  • 105 Views

کورونا وائرس سے حفاظتی تدابیر کے تحت استعمال کیے جانے والے ماسک کی ملک بھر میں مہنگے داموں فروخت کے خلاف لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔

درخواست گزار کا کہنا ہے کہ ادویات اورماسک کی عام شہریوں کو فراہمی حکومتی ذمہ داری ہے، جبکہ اس کے برعکس ذخیرہ اندوزوں نے ماسک مارکیٹ سےغائب کر دیئے ہیں۔

عدالت میں درخواست گزار نے مؤقف اپنایا کہ حکومت بنیادی حقوق کی فراہمی میں ناکام ہوچکی ہے۔

درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ ماسک مہنگے داموں فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا حکم دیا جائے۔

دوسری جانب کسٹم حکام نے لاہور ائیر پورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے بیرون ملک جانے والے مسافر سے 43 کلو وزنی ماسک برآمد کر لیے۔

کسٹم حکام کے مطابق فیصل آباد کا مسافر ماسک تھیلوں میں بھر کر غیر ملکی پرواز سے بنکاک جا رہا تھا جسے حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے گزشتہ روز اس بات کی تصدیق کی ہے کہ دنیا بھر میں تباہی مچانے والا کورونا وائرس پاکستان پہنچ گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ایران سے آنے والے کراچی اور اسلام آبادکے 2 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔