ڈیرہ غازی خان میں پولیو کا نیا کیس سامنے آ گیا

  • February 27, 2020, 1:29 pm
  • National News
  • 184 Views

لاہور: پنجاب انسداد پولیو پروگرام نے نئے پولیو کیس کی تصدیق کر دی ہے، نیا پولیو کیس ڈی جی خان کی یو سی تونسہ میں رپورٹ ہوا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پنجاب انسداد پولیو پروگرام نے نئے کیس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈیرہ غازی خان کی یو سی تونسہ میں 8 ماہ کا بچہ پولیو کا شکار ہو گیا ہے۔

انسداد پولیو پروگرام کے مطابق بچے کی دائیں ٹانگ پولیو وائرس سے متاثر ہوئی ہے، بچے کی حفاظتی ٹیکوں کی ہسٹری معلوم کی جا رہی ہے، ضلع میں 16 مارچ سے 5 روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز بھی کیا جا رہا ہے۔


یاد رہے کہ 15 فروری کو ذرایع وزارت صحت نے کہا تھا کہ ایک دن میں پولیو کے 5 نئے کیسز سامنے آ گئے ہیں جس کے بعد رواں برس پولیو کیسز کی مجموعی تعداد 17 ہو گئی ہے۔

وزارت صحت کے مطابق 4 پولیو کیسز کا تعلق خیبر پختون خوا سے جب کہ ایک کا بلوچستان سے تھا، جن علاقوں سے پولیو کیسز رپورٹ ہوئے ان میں لکی مروت کی یو سی غنڈی حسن خیل، کوٹکہ عرب خان، یو سی اباخیل، اور پشین کی یو سی تراٹہ شامل تھے۔ موذی مرض کے شکار بچوں کے والدین پولیو ویکسی نیشن سے انکاری تھے۔

دو دن قبل وزارت قومی صحت نے ایک رپورٹ میں کہا تھا کہ ملک گیر قومی انسداد پولیو مہم مکمل ہو گئی ہے، مہم کی کامیابی کا تناسب 100.3 فی صد رہا۔