پی ٹی آئی رہنما زبیر آفریدی کے گھر پر دستی بم حملہ

  • March 2, 2020, 12:25 pm
  • National News
  • 137 Views

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما زبیر آفریدی کے گھر پر دستی بم حملہ کیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق پشاور کے علاقے حیات آباد فیز 6 میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں پی ٹی آئی رہنما زبیر آفریدی کے گھر پر نامعلوم افراد کی جانب سے دستی بم حملہ کیا گیا ہے۔تاہم خوش قسمتی سے دستی بم پھٹ نہیں سکا۔اور ملزمان جائے وقوعہ سے فرار ہو گئے۔
پولیس نے اس سلسلے میں تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ زبیرآفریدی پر اس سے قبل بھی 4 حملے پو چکے ہیں۔انہیں افغانستان سے بھتے کے لیے کالیں بھی آتی تھیں۔زبیر آفریدی پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر ضلع خیبر باڑہ حقلہ 107 سے صوبائی اسمبلی کا الیکشن بھی لڑ چکے ہیں۔خیال رہے کہ اس سے قبل رکن قومی اسمبلی گل ظفر خان کے گھر پر دستی بموں سے حملہ کیا گیا تھا۔
گل ظفر خان خوش قسمتی سے محفوظ رہے۔بتایا گیا تھا کہ رات کے وقت ضلع باجوڑ کی تحصیل ماموند علاقہ گٹکی میں نامعلوم افراد نے پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے باجوڑ کے رکن قومی اسمبلی گل ظفر خان کے گھر پر دو دستی بم پھینکے جو زور دار دھماکوں سے پھٹ گئے۔ ایک بم رکن قومی اسمبلی گل ظفر خان جب کہ دوسرا بم ان کے چچا کے حجرے میں گرا۔رپورٹ میں مزید بتایا گیا تھا کہ قومی اسمبلی کے رکن گل ظفر خان اس حملے میں بال بال بچ گئے،حملے کے وقت وہ گھر پر ہی موجود تھے۔
کسی نے واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی جب کہ باجوڑ پولیس نے واقعے کی تفتیش کا آغاز کر دیا گیا تھا۔اس کے علاوہ پیپلزپارٹی کے رہنما ملک طہماش کے گھر پر بھی نامعلوم افراد نے دستی بم سے حملہ کردیا،جس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ پولیس کے مطابق حملہ آوروں نے چارسدہ روڈپرواقع گھرکی عقبی دیوار پررات گئے دستی بم پھینکاجس میں اہلخانہ محفوظ رہے تاہم پولیس نے مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی تھی۔