کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے انسداد پولیو ورکرز کو میدان میں اتارنے کا فیصلہ

  • March 2, 2020, 12:27 pm
  • National News
  • 276 Views

کوئٹہ: حکومت بلوچستان نے کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے انسداد پولیو ورکرز کو میدان میں اتارنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق بلوچستان حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ کرونا وائرس کے خلاف انسداد پولیو ورکرز کو میدان میں اتارا جائے گا، ذرایع کا کہنا ہے کہ پولیو ورکرز بلوچستان میں کرونا سرویلنس ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق انسداد پولیو ورکرز کرونا سرویلنس میں بلوچستان حکومت کی مدد کریں گے، بلوچستان میں پولیو ورکرز کی شمولیت کا فیصلہ مؤثر سرویلنس کے لیے کیا گیا ہے، اس فیصلے سے متعلق وفاق کو بھی اعتماد میں لے لیا گیا

بتایا گیا ہے کہ مؤثر سرویلنس سے کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنا ممکن ہوگا، سرویلنس ٹیم محکمہ صحت کو روزانہ رپورٹ پیش کرے گی، ورکرز کو میدان میں اتارنے سے قبل انھیں کرونا سرویلنس کی تربیت دی جائے گی، ڈبلیو ایچ او کے ماہرین انسداد پولیو ورکرز کو تربیت دیں گے۔

پولیو ورکرز کو کرونا کیس مینجمنٹ، سرویلنس اور تدارک کی ٹریننگ دی جائے گی، جب کہ کرونا سرویلنس کرنے والے ورکرز کو اعزازیہ بلوچستان حکومت دے گی۔