بارشوں کا انتہائی طاقتور سسٹم ملک میں داخل، کئی روز تک بادل جم کر برسیں گے

  • March 3, 2020, 1:31 pm
  • Weather News
  • 727 Views

بارشوں کا انتہائی طاقتور سسٹم ملک میں داخل، کئی روز تک بادل جم کر برسیں گے، پنجاب سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں بدھ سے ہفتہ تک شدید بارش اور ژالہ باری ہونے کا امکان۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی اور مرکزی علاقوں میں بدھ سے ہفتہ تک بارش کی پیشگوئی ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواوں کا انتہائی طاقتور سسٹم ملک میں داخل ہو چکا ہے۔
مغربی ہواوں کے اس سسٹم کے باعث صوبہ پنجاب سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں موسلادھار بارشیں اور ژالہ باری ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش برسانے والا سسٹم جمعرات کو زور پکڑے گا اور ہفتہ تک جاری رہنے کا امکان ہے، ملک بھر اس سسٹم کے زیر اثر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ کراچی سمیت لوور سندھ میں جمعرات اور جمعہ کو گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان۔
بتایا گیا ہے کہ مسلسل 3 سے 4 روز تک موسلادھار بارشیں اور ژالہ باری ہونے کے باعث پنجاب کے کچھ علاقوں اور شمالی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔ جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔ مسلسل 3 سے 4 روز تک بارشیں ہونے اور ژالہ باری کے باعث کئی علاقوں میں موسم سرد ہو جائے گا۔ لوگوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ رواں ہفتے کے اختتام تک شمالی علاقوں کا غیر ضروری سفر نہ کیا جائے۔ جبکہ دوسری جانب یہ بھی بتایا گیا ہے کہ بارشوں کے اس سلسلے کے باعث ملک میں جاری پی ایس ایل کے میچز بھی متاثر ہوں گے۔ بتایا گیا ہے کہ راولپنڈی اور لاہور میں شیڈول پی ایس ایل کے میچز متاثر ہو سکتے ہیں۔