پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ پانچواں مریض سامنے آ گیا

  • March 3, 2020, 1:32 pm
  • Health News
  • 352 Views

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ پانچواں مریض سامنے آ گیا۔ گلگت کی 45 سالہ خاتون میں کورونا وائرس کی تصدیق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ہوئی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں کورونا وائرس کا پانچواں کیس سامنے آ چکا ہے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق کورونا وائرس کے پانچویں کیس کی تصدیق گلگت سے تعلق رکھنے والی ایک 45 سالہ خاتون میں ہوئی ہے۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ متاثرہ خاتون میں کورونا وائرس کی تصدیق نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ میں ہوئی۔ مہلک وائرس کا پانچواں کیس سامنے آنے کے بعد وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے ایک ٹوئیٹ میں اس خبر کی تصدیق کی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ وفاق کے علاقے میں کورونا وائرس کے پانچویں کیس کی تصدیق ہوئی ہے۔
ٹوئیٹر پیغام میں انہوں نے بتایا کہ مریض کی حالت مستحکم ہے اور اس کی دیکھ بھال اچھے سے کی جا رہی ہے۔ اپنے پیغام میں انہوں نے میڈیا سے درخواست کی ہے کہ وہ مریض اور اس کے خاندان کی رازداری کی تعظیم کریں۔ علاوہ ازیں میڈیا رپورٹس کے مطابق وزارت صحت کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاتون چند روز قبل ایران کا سفر کر کے لوٹی تھیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاتون خطرے سے باہر ہے جبکہ اس کے اہل خانہ کے ٹیسٹ لیے جا رہے۔
اس سے قبل وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے ملک میں کورونا وائرس کے شکار چار افراد کی حالت تسلی بخش قرار دی تھی۔ ایک بیان میں ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ چاروں افراد کی حالت بہتر ہے اور وہ بھی بہت جلد صحت یاب ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہرکسی کو ماسک پہننے کی ضرورت نہیں۔ علاوہ ازیں معاون خصوصی نے چین میں موجود پاکستانی طالب علموں سے متعلق بھی بتایا کہ چین میں وائرس سے 6 متاثرہ پاکستانی طلبہ بیمار ہو کر صحت یاب بھی ہو گئے ہیں اور انہیں ڈسچارج کردیا گیا ہے جبکہ ایک پاکستانی طالب علم اب تک زیر علاج ہے اور وہ بھی جلد صحت یاب ہو کر ڈسچارج ہو جائے گا۔