ملک بھر میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد 94 ہو گئی

  • March 16, 2020, 12:23 pm
  • Breaking News
  • 203 Views

سندھ میں کرونا کیسز کی تعداد 76 جب کہ ملک بھر میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد 94 ہو گئی۔تفصیلات کے مطابق ترجمان سندھ حکومت مرتضی وہاب کا کہنا ہے کہ سندھ میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 76 ہو گئی ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تفتان سے پہنچنے والے 50مشتبہ مریضوں کے نتائج آ گئے ہیں جن میں 26 زائرین کے نتائج مثبت ہیں۔
مرتضی وہاب کا کہنا ہے کہ 25 مریض کراچی اور ایک حیدرآباد میں ہے۔گذشتہ روز سندھ میں کرونا کے مریضوں کی تعداد 35 تھی۔مرتضی وہاب کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں قرنظینہ کے انتظامات سے مطمئن نہیں تھے۔اس لیے 110 زائرئن کے ٹیسٹ لیے تھے جن میں سے 50 مثبت آئے ہیں۔

ترجمان نے مزید کہا کہ 76 میں سے دو صحت یاب ہو گئے ہیں۔
کرونا کے مریضوں کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام سے درخواست ہے کہ اس وبا کو سنجیدگی سے لیں،ہمیں ذمہ دار شہری کا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ٹریبون نیوز کے مطابق ملک بھر میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد 94ہو گئی ہے۔ایک ہی دن میں پہلی بار اتنی بڑی تعداد میں کرونا وائرس کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔خیال رہے کہ گذشتہ روز سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 18 کیسز سامنے آئے تھے، ان میں سے 13 سکھر قرنطینہ مرکز اور ایک مریض کوئٹہ سے آیا تھا، جس کے ساتھ سندھ میں کرونا کے مریضوں کی تعداد 35 ہوگئی تھی۔
جاری اعلامیہ کے مطابق یہ بات وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت اتوار کو وزیراعلی ہا ئوس میں کرونا وائرس سے متعلق ٹاسک فورس کے 18 ویں اجلاس کے دوران بتائی گئی ۔وزیراعلی سندھ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ سکھر قرنطینہ مرکز پہنچنے والے زائرین کے 40 نمونے کراچی میں ٹیسٹ کیے گئے، ان 40 نمونوں میں سے 13 نمونے مثبت آئے ۔ وزیراعلی سندھ نے کمشنر سکھر اور گمبٹ اسپتال کے ڈاکٹر بھٹی کو ہدایت کی کہ مثبت مریضوں کو منفی مریضوں سے الگ کیا جائے۔
انہوں نے واضح ہدایات جاری کیں کہ جن کی حالت تشویشناک ہے انہیں فوری طور گمبٹ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس میں منتقل کیا جانا چاہئے۔ وزیر اعلی سندھ کو بتایا گیا کہ سکھر کے علاوہ کورونا وائرس کے مزید 5 کیس تشخیص ہوئے ان میں سے تین افراد سعودی عرب سے آئے ہوئے مبتلا مریض سے رابطے کرنے کی وجہ سے ہوئے ، چوتھے فرد کو نمونیا کی علامت تھیں اور اس کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت بتایا گیا جبکہ پانچواں مریض کوئٹہ سے کورونا وائرس کے علامات کے ساتھ آیا۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ 293 مشتبہ افراد میں سے جو تفتان سے سکھرقرنطینہ مرکز آئے تھے ان میں سے ہم نے 40 نمونوں کی جانچ کی ہے، ان میں سے 13 کی تشخیص مثبت ہوگئی ہے اور ابھی 250 کے بارے میں جانچ پڑتال باقی ہے۔