تحریک انصاف کا کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے ملک گیر آگاہی مہم چلانے کا فیصلہ

  • March 16, 2020, 2:32 pm
  • Breaking News
  • 135 Views

اسلام آباد : تحریک انصاف نے کرونا سے بچاؤ کیلئے ملک گیر آگاہی مہم چلانے کا فیصلہ کرلیا ، مہم کےتحت عوام کو کرونا سے بچاؤ کی تدابیر سے آگاہ کیا جائےگا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی ہدایات پر تحریک انصاف نے کرونا وائرس کی آگاہی کے لئے ملک گیر مہم چلانے کا فیصلہ کرلیا، اس سلسلے میں چیف آرگنائزر سیف اللہ نیازی نے صوبائی وریجنل صدورکوہدایات جاری کردیں۔

تحریک انصاف کےذمہ داران ملک گیرآگاہی مہم چلائیں گے اور تحریک انصاف کی آفیشل سوشل میڈیاٹیم خصوصی آگاہی مہم تیارکرےگی ، مہم کے تحت عوام کو کرونا سے بچاؤ کی تدابیر سے آگاہ کیا جائےگا۔

مہم کےتحت عوام کوگھروں تک محدود رہنے اور بلاضرورت باہرنہ نکلنےکی ترغیب دیں گے جبکہ کرونا سے بچنے کیلئے صحت وصفائی کےطریقوں کے بارے میں آگاہی مہم کا حصہ ہیں۔

چیف آرگنائزرپی ٹی آئی سیف اللہ نیازی نے کہا ہے کہ کوروناکیخلاف قوم کا یکجا ہونا وقت کی ضرورت ہے، سماجی سطح پر بہترین تدابیر اختیار کئے بغیر چیلنج سے نمٹنا مشکل ہے، وزیراعظم کی قیادت میں قوم کو کرونا سے بچانے کیلئے متحرک ہیں۔

گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کرونا وائرس کے لئے تمام اقدامات کی خود نگرانی کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ بہت جلداس معاملےپرقوم سےخطاب کریں گے، کروناوائرس کے خطرات سےپوری طرح آگاہ ہیں، قوم حکومتی حفاظتی ہدایات پرعمل کرے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت قوم کی صحت اورحفاظت کے لیے درست سمت میں اقدامات کررہی ہے ،عالمی ادارہ صحت نے عالمی وبا سے نمٹنے کے لیے ہماری کو ششوں کو دنیا میں بہترین قراردیا ہے۔