پاکستان میں کرونا وائرس کے مشتبہ مریض کی ہلاکت پر اسپتال انتظامیہ کا موقف آ گیا

  • March 16, 2020, 3:57 pm
  • COVID-19
  • 373 Views

سوشل میڈیا پر یہ خبر گردش کر رہی ہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کا مشتبہ مریض انتقال کر گیا ہے جس کا تعلق پشاورسے بتایا گیا۔اسی حوالے سے اب صوبہ خیبرپختونخوا کے وزیرِ صحت تیمور خان جھگڑا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حیات آباد میڈیکل کمپلیکس پشاور میں ایک مریض انتقال کر گیا ہے۔
وہ کرونا وائرس کے مشتبہ مریض کے طور پر لایاگیا تھا۔ان کا علاج جاری تھا تاہم ان ٹیسٹ کی رپورٹ کا انتظار کیا جا رہا ہے۔ہم ہر کسی کو اس متعلق آگاہ رکھیں گے۔



۔تاہم اب اس حوالے سے اسپتال انتظامیہ کا موقف سامنےآیا ہے۔اسپتال انتظامیہ کے مطابق پشاور میں جاں بحق ہونے والے مریض کا ٹیسٹ نیگیٹو آیا ہے۔
ہنگو کے مریض کو کرونا وائرس کے شک پر اسپتال لایا گیا تھا،میڈیکل رپورٹس میں کرونا وائرس ثابت نہ ہو سکا۔

مریض کا انتقال شدید بخار کے باعث ہوا۔خیال رہے کہ ملک بھر میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد 94 ہو گئی ہے۔ ترجمان سندھ حکومت مرتضی وہاب کا کہنا ہے کہ سندھ میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 76 ہو گئی ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تفتان سے پہنچنے والے 50مشتبہ مریضوں کے نتائج آ گئے ہیں جن میں 26 زائرین کے نتائج مثبت ہیں۔
مرتضی وہاب کا کہنا ہے کہ 25 مریض کراچی اور ایک حیدرآباد میں ہے۔گذشتہ روز سندھ میں کرونا کے مریضوں کی تعداد 35 تھی۔مرتضی وہاب کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں قرنظینہ کے انتظامات سے مطمئن نہیں تھے۔اس لیے 110 زائرئن کے ٹیسٹ لیے تھے جن میں سے 50 مثبت آئے ہیں۔ترجمان نے مزید کہا کہ 76 میں سے دو صحت یاب ہو گئے ہیں۔ کرونا کے مریضوں کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام سے درخواست ہے کہ اس وبا کو سنجیدگی سے لیں،ہمیں ذمہ دار شہری کا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ٹریبون نیوز کے مطابق ملک بھر میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد 94ہو گئی ہے۔ایک ہی دن میں پہلی بار اتنی بڑی تعداد میں کرونا وائرس کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔